پیٹرول اور گیس کی بچت کرتے ہوئے گاڑی ٹپ ٹاپ حالت میں رکھنے کی بہترین ٹپس

گاڑی کا روزانہ استعمال ایندھن کے اخراجات میں اضافہ کرتا ہے اور پھر گاڑی جتنا چلتی ہے اس کی سروس بھی اتنی ہی بڑھتی جاتی ہے، یعنی خرچے پر خرچہ!

ہم آپ کو بتائیں گے چند ایسے طریقے جن سے آپ نہ صرف ایندھن بلکہ سروس کے اخراجات میں بھی بچت کر سکتے ہیں ۔ شرط صرف اتنی ہے کہ ان پر عمل کیا جائے۔

ہلکا پاؤں


آپ نے ایسے بہت سے ڈرائیورز دیکھے ہوں گے، خاص طور پر نوجوان، جن کا ایکسلریشن پر بڑا زور ہوتا ہے۔ اگر یہ کسی ادارے سے ڈرائیونگ سیکھتے تو انہیں بتایا جاتا کہ ایکسلریشن اور بریکنگ کو ہمیشہ ہموار انداز میں کرنا چاہیے کیونکہ اس کے نتیجے میں ایندھن کی بچت یقینی ہے۔

جب آپ گاڑی کی رفتار کو اچانک بڑھاتے ہیں تو گاڑی زیادہ زور لگاتی ہے اور یوں ایندھن کا استعمال زیادہ ہوتا ہے۔


ہائی وے پر یکساں رفتار


آپ کی گاڑی کہیں کم ایندھن استعمال کرے گی اگر آپ حد رفتار کی پیروی کریں گے اور کھلی سڑک ملتے ہی اسے دیوانہ وار نہیں دوڑائيں گے۔ ہائی وے پر گاڑی کو یکساں رفتار پرچلانا ایک آزمودہ حکمت عملی ہے۔ دراصل گاڑی کو تیز چلانے سے ہوا کا دباؤ بڑھتا ہے اور انجن کو زیادہ زور لگانا پڑتا ہے اور یوں ایندھن کی کھپت میں اضافہ ہوتا ہے۔


بروقت سروس


آئل فلٹر اور آئل ہر ساڑھے چار ہزار میل کے بعد تبدیل ہونا چاہیے۔ یہ بھی یاد رکھیں کہ پلگس اور ایئرفلٹرز بھی تبدیل ہوں گے۔ اضافی اخراجات سے بچنے کے لیے یہ کام بروقت کریں، ورنہ یہ انجن کی خرابی کا سبب بن سکتا ہے، اور آپ جانتے ہیں کہ انجن کی مرمت بڑا مہنگا کام ہے۔


ایئر کنڈیشننگ بند کریں


اس معاملے میں آپ کو خود فیصلہ کرنا ہے کہ اہم کیا ہے، سکون یا ایندھن؟ ایئر کنڈیشنر کھلا ہو تو ایندھن کی کھپت میں اوسطاً 15 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے۔ دیگر برقی آلات اتنا ایندھن نہیں کھاتے۔ اس لیے اگر آپ ایئر کنڈیشنر بند کریں گے تو آپ کو ہر 100 میل پر ایک گیلن ایندھن کی بچت ملے گی۔


راستے کا انتخاب سوچ سمجھ کر


اگر آپ اپنے راستے کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں گے تو اس سے بھی آپ کا ایندھن بچے گا، خاص طور پر سردیوں کے مہینوں میں۔ ایک ٹھنڈا انجن پہلے پانچ میل تک زیادہ ایندھن کھاتا ہے۔ کوشش کریں اپنے زیادہ سے زیادہ کام ایک ہی چکر میں مکمل کریں تاکہ آپ کو دن میں بار بار ٹھنڈے انجن کو گرم کرنے میں اپنا ایندھن ضائع نہ کرنا پڑے ۔


بارش میں گاڑی نہ چلائیں


جب بارش ہوتی ہے تو حادثے کا خطرہ تو بہت زیادہ ہو ہی جاتا ہے، ساتھ ہی ایندھن کی کھپت بھی بڑھ جاتی ہے۔ خشک موسم میں گاڑی کی توانائی کا بڑا حصہ مقابل ہوا کو کاٹنے پر صرف ہوتا ہے جبکہ بارش کے دنوں میں تو اسے سڑک پر پانی کی صورت میں بھی ایک نئی مزاحمت کا سامنا ہوتا ہے۔ اس لیے پٹرول کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔


ٹائروں میں ہوا پر نظر


جان لیں کہ ٹائروں میں مناسب ہوا آپ کی گاڑی کے لیے بہت ضروری ہے۔ اگر اس میں 0.1 اے ٹی ایم کی کمی بھی آتی ہے تو اس سے ایندھن کے خرچ میں 2 سے 3 فیصد کا اضافہ ہوگا۔ اس لیے ٹائروں میں ہوا پر نظر رکھیں اور اسے درست مقام پر برقرار رکھیں، خاص طور پر موسم سرما میں۔


اضافی وزن نکال دیں


کچھ ڈرائیورز کو گاڑی میں سب کچھ لے کر نکلنے کا شوق ہوتا ہے، چاہے انہیں اس کی ضرورت ہو یا نہ ہو۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ ڈگی کو خالی کریں اور صرف ضروری سامان اٹھائیں،جیسا کہ اضافی وہیل،جیک وغیرہ۔ گاڑی میں جتنا زیادہ وزن ہوگا اس کے ایندھن کی کھپت اتنا بڑھ جائے گی۔

Comments are closed.