جانیں کون سی ایپ ڈیٹا انٹرنیٹ ہڑپ کر رہی ہے

اگر آپ یہ جاننا چاہیں کہ کون سی ایپ آپ کا تمام انٹرنیٹ ڈیٹا پیک استعمال کیے جا رہی ہے تو یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک آپ کوئی بہترین فائروال ایپلی کیشن استعمال نہ کریں جیسا کہ گلاس وائر (GlassWire) فائروال ایپ۔

یہ بنیادی طور پر تو ایک فائر وال ہے لیکن یہ آپ کے فون پر استعمال ہونے والے ڈیٹا انٹرنیٹ کا حساب کتاب بھی رکھتی ہے۔ وائی فائی پر تو انٹرنیٹ کے بے دریغ استعمال پر زیادہ تر لوگوں کو مسئلہ نہیں ہوتا لیکن ڈیٹا انٹرنیٹ جو کہ محدود بینڈوڈتھ کے ساتھ دستیاب ہوتا ہے اور ہم اسے احتیاط کے ساتھ استعمال کرنا چاہتے ہیں اس پر کون سی ایپ زیادہ ہاتھ صاف کر رہی ہے یہ جاننا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔

گلاس وائر ایک بہترین فائل ہے جو کہ اس قبل صرف ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے لیے دستیاب تھی لیکن اب اس کی ایپلی کیشن اینڈروئیڈ آپریٹنگ سسٹم کے لیے بھی مفت دستیاب ہے۔ انٹرنیٹ ڈیٹا کے استعمال پر نظر رکھنا اس کا اضافی فیچر ہے۔ اس میں آپ اپنی بینڈوڈتھ کا اندراج کر دیں کہ آپ کے پاس اتنے دنوں کے لیے اتنا انٹرنیٹ دستیاب ہے تو یہ آپ کو اس کے ختم ہونے سے قبل الرٹ بھی دِکھا سکتی ہے۔ مثلاً آپ نے اگر 2 جی بی کا پلان حاصل کر رکھا ہے تو اس کے نوے فیصد تک استعمال ہو جاتے ہی یہ فوراً آپ کو الرٹ کر دے گی تاکہ آپ اضافی انٹرنیٹ استعمال کر کے اپنے کریڈٹ سے ہاتھ نہ دھو بیٹھیں۔ یہی نہیں اس میں آپ اپنی پسند کے تحت مختلف الرٹس فعال کر سکتے ہیں۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

گلاس وائر انٹرنیٹ ڈیٹا فائروال

ویسے تو ڈیٹا کے استعمال کا حساب کتاب دِکھانے کا فیچر اینڈروئیڈ میں پہلے سے موجود ہوتا ہے لیکن وہ اس قدر بہتر نہیں جتنا اس ایپ میں موجود ہے۔

جیسا کہ ہم نے ذکر کیا کہ یہ بنیادی طور پر فائروال ہے اس لیے اس میں آپ کو ڈبل فائدہ حاصل ہو گا۔ وہ اس طرح کہ یہ آپ کے فون کو بیرونی خطرات سے بھی محفوظ رکھے گی۔ یہ آپ کے فون کو اُن خطروں سے بھی محفوظ رکھے گی جو آپ کے اینٹی وائرس کو بھی چکمہ دے جاتے ہیں۔ آج کل ہر جگہ لنکس پر کلک کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے ایسی صورت میں یہ ایپ ضرور انسٹال ہونا چاہیے:
glasswire.com/download

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی

Comments are closed.