گوگل ہائی پروفائل شخصیات کو لاگ ان کرنے کے لیے فلیش ڈرائیو دے گا

بلومبرگ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گوگل اپنے 2 فیکٹر اتھنٹی کیشن پروسس کو اپ گریڈ کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ گوگل کے صارفین گوگل پر اپنے اکاؤنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے پہلے ہی 2 فیکٹر اتھنٹی کیشن فعال کرسکتے ہیں جس کے بعد انہیں لاگ کرنے کے لیے صرف پاس ورڈ ہی نہیں بلکہ اپنے موبائل فون بذریعہ ایس ایم ایس موصول ہونے والا خفیہ کوڈ بھی لکھنا ہوتا ہے۔

گوگل کے اس اپ گریڈ پلان کا مقصد اہم شخصیات کے گوگل اکاؤنٹس کو مزید محفوظ کرنا ہے۔ کیونکہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ریاستی سرپرستی میں ایسے سائبر حملوں میں اضافہ ہوا ہے جن کا مقصد ہائی پروفائل شخصیات کے اکاؤنٹس کو ہیک کرنا ہے۔ اس نئے منصوبے جس کا نام Advanced Protection Program بتایا گیا ہے، کے تحت گوگل ایسی ہائی پروفائل شخصیات کو ایک فلیش ڈرائیو بھی دے گا اور انہیں لاگ ان کرنے کے لیے پاس ورڈ کے علاوہ اس فلیش ڈرائیو کا استعمال بھی کرنا ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق گوگل اگلے ماہ سے اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردے گا۔

دوسری جانب رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس نئے پروگرام کا گوگل کے عام صارفین کے اکاؤنٹس پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ مذکورہ پروگرام صرف ہائی پروفائل شخصیات کے لیے ہے ۔ ان شخصیات کا تعین گوگل خود کرے گا۔

Comments are closed.