گوگل اپنے پکسل فون بنانے والی کمپنی ایچ ٹی سی کو خریدنے کے لیے تیار

ٹیکنالوجی کی دنیا کی نامور کمپنی گوگل اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی ایچ ٹی سی کو خریدنے کی خواہش مند ہے۔

تائیوانی میڈیا میں گردش کرتی خبروں کے مطابق گوگل نے ایچ ٹی سی کمپنی کا اسمارٹ فون ڈویژن خریدنے کے لیے مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔ تاہم ابھی یہ معاہدہ تکمیل کو نہیں پہنچا اور نہ ہی اس کی مالیت کو پتا چلا ہے۔

اس سے قبل نہ صرف مائیکروسافٹ نوکیا کے اسمارٹ فون ڈویژن کو خریدنے کا ناکام تجربہ کر چکی ہے بلکہ اس میدان میں گوگل کا اپنا تجربہ بھی کچھ اچھا نہیں رہا جب گوگل نے 2012 میں 12.5 بلین ڈالر کے عوض فون بنانے والی کمپنی موٹورولا کو خریدا تھا۔ گوگل نے بعد ازاں اس کمپنی کو شدید خسارے میں صرف 3 بلین ڈالر کے عوض 2014 میں فروخت کر دیا تھا۔

ایچ ٹی سی کی بات کی جائے تو ایک وقت تھا جب یہ کمپنی بہترین اسمارٹ فون بنانے میں اپنا نام رکھتی تھی لیکن اب اس کے حالات بھی زوال پذیر ہیں۔

ایچ ٹی سی نے حال ہی میں HTC 10 اور U11 اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کیے تھے جس میں اسے شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اطلاعات کے مطابق اس وقت ایچ ٹی سی کمپنی اپنی تاریخ میں سب سے زیادہ خسارے میں جا رہی ہے۔ امریکہ میں یہ کمپنی چند سال قبل انتہائی مقبول تھی لیکن حالیہ سالوں میں اس کی تمام پروڈکٹس بری طرح ناکام ہوئی ہیں۔

گوگل اس وقت اپنے پکسلز اسمارٹ فون کامیابی سے فروخت کر رہا ہے اور مزے کی بات یہ ہے کہ یہ اسمارٹ فون ایچ ٹی سی ہی تیار کرتی ہے۔ اس طرح ایچ ٹی سی کو خرید کر گوگل اسے مزید ترقی دے کر اس میدان میں موجود بڑے ناموں ایپل، سام سنگ اور شومی وغیرہ کو ٹکر دے سکتی ہے۔

Comments are closed.