بھارت دنیا کی دوسری سب سے بڑی اسمارٹ فون مارکیٹ بن گیا

بھارت امریکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا میں اسمارٹ فون کی دوسری سب سے بڑی مارکیٹ بن گیا ہے ۔ ٹیکنالوجی مارکیٹ کا تجزیہ کرنے والے ادارے کینالس (Canalys) کے مطابق بھارت کے لیے اسمارٹ فونز کی شپنگ میں رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں 23 فیصد اضافہ ہوا، جو اب 40 ملین کی حد بھی عبور کر چکی ہے۔ یوں بھارت چین کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی اسمارٹ فون مارکیٹ بن چکا ہے اور امریکا پیچھے جاتے ہوئے تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے ۔

بھارت میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے برانڈز سام سنگ اور شیاؤمی ہیں، جنہوں نے بالترتیب اس سہ ماہی میں 94 لاکھ اور 92 لاکھ اسمارٹ فونز بھارت بھیجے ۔ یہ دونوں ادارے اس وقت بھارت کی اسمارٹ فون مارکیٹ کے نصف حصے کے مالک ہیں۔

اِس وقت بھارت میں 100 سے زیادہ اقسام کے موبائل برانڈز فروخت ہو رہے ہیں۔ ملک میں اسمارٹ فون مارکیٹ کے مزید پھیلنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں کیونکہ اب بھی اسمارٹ فون اتنا عام نہیں ہوا ہے۔ پھر بڑھتی ہوئی 3جی اور 4جی سپورٹ بھی اس سلسلے کو مہمیز دے گی۔

سام سنگ اور شیاؤمی کے بعد بھارت میں مقبول ترین برانڈز ویوو، اوپو اور لینووو ہیں۔ ان ٹاپ 5 اداروں کا بھارت کی 75 فیصد مارکیٹ پر قبضہ ہے۔ گو کہ اس وقت سام سنگ پہلے نمبر پر ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ شیاؤمی جلد ہی پہلے نمبر پر آ جائے گا۔

Comments are closed.