آئی فون 8 نہ خریدیں، آئی فون7 کا انتخاب کریں، لیکن کیوں؟
یہ سال 2017ء ہے، ایسے کئی زبردست فون مارکیٹ میں موجود ہیں جو آپ خرید سکتے ہیں لیکن اگر آپ کا ارادہ نیا آئی فون خریدنے کا ہے تو “سوچنا وی ناں!”
اس کی پہلی اور سب سے بڑی وجہ ہے آئی فون 7 کے مقابلے میں بہت بھاری قیمت۔ آئی فون8 کا آغاز ہی 699 ڈالرز سے ہوتا ہے یعنی یہ آئی فون7 کے مقابلے میں کم از کم 150 ڈالرز مہنگا ہے۔ آئی فون8پلس کی قیمت تو پھر 799 ڈالرز ہے جبکہ آئی فون ایکس، جو 3 نومبر کو جاری ہوگا، 999 ڈالرز کا ہوگا۔
اس کے مقابلے میں آئی فون 7 کی قیمت 549 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے یعنی آئی فون ایکس سے تقابل کیا جائے تو تقریباً آدھی قیمت ہے۔ پھر آئی فون7 پلس ہے جو 669 ڈالرز کا ہے۔ بلاشبہ یہ قیمت بھی اچھی خاصی ہے، لیکن آئی فون8 اور آئی فون ایکس کے مقابلے میں تو پھر بھی کم ہی ہے۔
آئی فون 8 کے مقابلے میں آئی فون 7 کے انتخاب کی دوسری وجہ ہے زیادہ رنگوں کا دستیاب ہونا۔ آئی فون8 کے صرف تین رنگ ہیں، نقرئی (سلور)، سنہرا اور سرمئی۔ آئی فون ایکس میں تو یہ انتخاب اور کم ہو جاتا ہے کیونکہ اس کے صرف دو رنگ ہیں، سیاہ اور سفید۔
اب ذرا آئی فون7 اور آئی فون 7 پلس کو دیکھیں، اس کے پانچ مختلف رنگ ہیں، سیاہ رنگ کی دو اقسام ، جیٹ بلیک اور میٹ بلیک، نقرئی، سنہرا اور گلابی سنہرا۔ یعنی اگر رنگوں پر بھی جائیں تو آپ کا انتخاب آئی فون7 ہی ہونا چاہیے۔
ایپل نے نئے آئی فون8 اور آئی فون ایکس میں وائرلیس چارجنگ کو ممکن بنانے کے لیے پشت پر شیشے کا استعمال کیا ہے۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ انگلیوں کے نشانات کی وجہ سے نہ صرف شیشہ گندا رہنے کا اندیشہ ہے بلکہ گرنے کی صورت میں بھی نقصان ہو سکتا ہے۔ یوں آئی فون8 یا آئی فون ایکس گر جائے تو آپ کو سامنے کے ساتھ ساتھ پچھلے حصے کا خوف بھی لاحق رہے گا۔
دریں اثناء آئی فون 7 ویسی ہی المونیم باڈی رکھتا ہے جیسی آئی فون6 کی تھی۔ یعنی گرنے کی صورت میں آپ کو صرف فون ڈسپلے کی ہی پریشانی ہوگی۔ دھاتی پشت کی وجہ سے آئی فون8 اور آئی فون ایکس کے مقابلے میں آئی فون 7 کے گندا رہنے کے امکان بھی کم ہیں۔
وائرلیس چارجنگ اور فاسٹ چارجنگ کی سہولت اپنی جگہ لیکن آئی فون 8 اور آئی فون ایکس کے ساتھ آپ کو چارجنگ پیڈز الگ سے لینا پڑیں گے، جو ہر گز سستے نہیں۔ پھر اگر آپ فاسٹ چارجنگ کے مزے بھی لینا چاہتے ہیں تو 25 سے 75 ڈالرز کی اضافی چپت یہ بھی ہوگی۔
آئی فون7 اور آئی فون 7پلس ایپل کی روایتی لائٹننگ کیبل سے چارج ہوتے ہیں اور جو اسے استعمال کرتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ یہ ہرگز بری نہیں۔
اگر آپ میری طرح فوٹوگرافی کے شوقین ہیں تو آپ کے لیے اطلاع ہے کہ آئی فون7 پلس، آئی فون 8 پلس اور آئی فون ایکس کے کیمروں میں کچھ زیادہ فرق نہیں ہے۔ آئی فون7 اور آئی فون8 کے کیمرے بھی زبردست ہیں، بس فرق اتنا ہے کہ ان دونوں کے “پلس” ماڈلز میں ایک اضافی ٹیلی فوٹو لینس ہے جس سے زوم کیا جائے تب بھی تصویر کا معیار خراب نہیں ہوتا۔
تینوں کے کیمرا سسٹم ہارڈویئر کے لحاظ سے تقریباً ایک سے ہیں۔ واحد فرق ہے کہ آئی فون ایکس کے کیمرے میں وائیڈ اینگل اور ٹیلی فوٹو لینس کے لیے ‘آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن ‘ہے ، جس کی وجہ سے کم روشنی میں بھی بہترین تصاویر اور وڈیو بن سکتی ہیں ۔ جبکہ آئی فون 7 پلس اور آئی فون 8 پلس صرف او آئی ایس وائیڈ اینگل لینس ہے، ٹیلی فوٹو لینس نہیں ۔ اس کے باوجود صارف کے تجربے میں بہت زیادہ فرق نہیں آئے گا ۔ آئی فون 7 کے عام صارفین کو تو شاید اندازہ بھی نہیں ہوگا کہ ان کے کیمرے میں کوئی “کمی” ہے ۔ کچھ یہی صورت حال سیلفی کیمرے کی بھی ہے۔
پھر سب سے اہم بات کہ آپ کوئی بھی آئی فون خریدیں، آپ کو درجہ اول کا وہی ماحول، سکیورٹی، اپڈیٹس اور ایپ اسٹور ملیں گے، جو تمام آئی فونز میں ہوتے ہیں۔ جدید آئی او ایس 11 آپریٹنگ سسٹم آئی فون7 اور آئی فون 8 دونوں میں ویسا ہی ہے۔
اس کے باوجود اگر آپ کو آئی فون7 اور آئی فون8 کے درمیان فرق سمجھ نہیں آ رہا تو ایپل کا آئی فون کمپیریزن ٹول استعمال کریں۔
سادہ الفاظ میں کہیں تو یہ کہنا ٹھیک ہوگا کہ آئی فون8 گلاس بیک (glass back) اور وائرلیس چارجنگ کی سہولت رکھنے والا تھوڑا سا تیز فون ہے۔ کیا آپ صرف ان تبدیلیوں کے لیے اضافی 150 ڈالرز خرچ کرنے کو تیار ہیں؟ جبکہ وائرلیس چارجر بھی نہیں دیا جائے گا؟ کم از کم وائرلیس چارجنگ تو ایسی خصوصیت نہیں کہ جس کے لیے اتنی اضافی رقم دی جائے ۔ پھر ابھی وہ وقت آیا بھی نہیں کہ وائرلیس چارجنگ بہتر، سستی اور ہر جگہ موجود ہو۔ یہ چند خصوصیات بلاشبہ اچھی ہیں لیکن کیا اس کے لیے دوگنی قیمت ادا کرنا مناسب ہے؟ ہرگز نہیں۔
یہ بات یاد رکھیں کہ اگلے سال ایک مرتبہ پھر ہم نئے آئی فون کی بات کر رہے ہوں گے، تب آئی فون ایکس آج کے مقابلے میں سستا ہوگا۔ اس لیے آج خوبصورت ڈیزائن، شاندار اسکرین، جاندار بیٹری لائف رکھنے والا آئی فون7 سب سے اچھا سودا ہے۔
Comments are closed.