مارک زکربرگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کرلئے گئے
کہتے ہیں ہر سیر کو سوا سیر مل ہی جاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ ہوا مارک زکربرگ کے ساتھ جب ہیکروں نے ان کے کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک کرڈالے۔ ہوا کچھ یوں کہ اتوار کے روز ہیکروں کے ایک OurMine نامی گروپ نے فیس بک کے بانی اور جانی مانی شخصیت مارک زکربرگ کا انسٹا گرام، ٹوئٹر، لنکڈ اِن اور Pinterest اکاؤنٹ ہیک کرڈالا اور ٹوئٹر پر اس حوالے سے خوب دھما چوکڑی مچائی۔ ٹوئٹر نے بعد میں OurMineکا ٹوئٹر اکاؤنٹ تو معطل کردیا لیکن اس وقت تک سوشل میڈیا پر مارک زکربرگ کی خوب عزت افزائی ہوچکی تھی۔
اپنی پہلی ٹوئیٹ میں OurMine نے مارک زکربرگ کے اکاؤنٹ ہیک کرنے پر بغلیں تو خوب بجائیں لیکن ساتھ ہی مارک زکربرگ کو دعوت دی کہ ان سے رابطہ کیا جائے۔ وہ تو “صرف” مارک زکربرگ کی سکیوریٹی جانچ رہے تھے۔ بعد میں یہ ٹوئیٹ مٹا دی گئی۔
اگرچہ مارک زکربرگ نے ان کی ٹوئیٹ کے جواب میں کہا کہ ہیکر ان کے اکاؤنٹ ہیک نہیں کرسکے لیکن بعد میں سامنے آنے والے اسکرین شاٹس سے پتا چلا کہ ہیکر حقیقتاً کامیاب ہوگئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق اس میں قصور مارک زکربرگ سے زیادہ 2012ء میں لنکڈ اِن کے چوری ہونے والے پاس ورڈز کے ڈیٹا بیس کا ہے۔ مارک زکربرگ کا پاس ورڈ بھی اس ڈیٹابیس میں موجود تھا۔ البتہ حیرت انگیز طور پر مارک زکربرگ کا پاس ورڈ dadada تھا۔ اس انتہائی کمزور پاس ورڈ پر مارک زکربرگ درست طو پر ہدف تنقید ہیں۔
Comments are closed.