تمام میسیجنگ سروسز ایک ہی پروگرام کے ذریعے استعمال کریں

528

اس وقت کئی بہترین میسیجنگ ایپلی کیشنز دستیاب ہیں اور ہر کوئی اپنی پسند کی ایپ استعمال کرنا چاہتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم تمام دوستوں، رشتے داروں سے رابطے میں رہنے کے لیے سب ہی چیٹنگ ایپلی کیشنز انسٹال رکھتے ہیں لیکن آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ درجنوں ایپلی کیشنز کے اس جھنجٹ کو صرف ایک پروگرام سے ختم بھی کیا جا سکتا ہے۔

فرانز (Franz)ایک ایسا پروگرام ہے جس کے ذریعے 14 میسیجنگ ایپلی کیشنز کو ایک ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس لسٹ میں وٹس ایپ، فیس بک میسینجر، ٹیلی گرام، اسکائپ، ہپ چیٹ، گوگل ہینگ آؤٹس اور گریپ و دیگر نامی گرامی ایپلی کیشنز شامل ہیں۔ یہی نہیں اس میں کسی بھی میسیجنگ سروس کے ایک سے زائد اکاؤنٹس بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔

franz-1

یاد رہے کہ فرانز ایک ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشن ہے یعنی اسے اسمارٹ فون پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ جب آپ اسے انسٹال کرنے کے بعد پہلی دفعہ چلائیں گے تو سب سے پہلے جن سروسز کو آپ استعمال کرنا چاہتے ہوں ان کو لاگ اِن کرنا پڑے گا۔ لیکن اگر کسی نئی سروس کو بعد میں استعمال کرنے کا منصوبہ بن جائے تو بعد میں بھی اسے لاگ اِن کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

franz-2

اگر آپ اس میں کئی میسجنگ سروسز کو ایک ساتھ ہی لاگ اِن کر لیں گے تو ہر سروس کے لیے ایک الگ ٹیب بن جائے گا جس طرح براؤزر میں آپ مختلف ویب سائٹس کو ٹیبز کے ذریعے دیکھتے ہیں۔ اگر کافی سارے ٹیبز کی وجہ سے اسکرین چھوٹی دکھائی دینے لگے تو آپ F11 کے شارٹ کٹ سے پروگرام کو فل اسکرین پر منتقل کر سکتے ہیں۔ آپ جن میسجنگ سروسز کو استعمال کرنا چاہیں گے ان کے تازہ ترین پیغامات سے آگاہ کرنے کے لیے یہ پروگرام آپ کو ٹاسک بار میں نوٹی فکیشنز بھی دکھائے گا۔

فرانز پروگرام پرائیویسی کی مکمل ضمانت دیتا ہے کہ آپ کے پیغامات آپ تک محدود رہتے ہیں یہ پروگرام انہیں اپنے سرور پر محفوظ نہیں کرتا۔
فرانز پروگرام آپ اس کی ویب سائٹ سے ونڈوز کے علاوہ میک کے لیے بھی مفت ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

meetfranz
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اگست 2016 میں شائع ہوئی)