مائیکروسافٹ اب بگز ڈھونڈنے کے عوض ڈھائی لاکھ ڈالر تک انعام دے گا

مائیکروسافٹ اپنا نیا بگ بوائنٹی پروگرام لانچ کرنے جارہا ہے۔ یہ پروگرام مائیکروسافٹ پہلے سے موجود سکیوریٹی بگ باؤنٹی پروگرام کو بہتر کرتا ہے۔ بگ بوائنٹی پروگرام کے تحت مائیکروسافٹ کی مصنوعات میں خرابیاں تلاش کرنے والوں کو رقم انعام میں دی جاتی ہے۔ دنیا کی تقریباً تمام ہی بڑی سافٹ ویئر کمپنیوں نے ایسے پروگرام شروع کررکھے ہیں۔

پچھلے پروگرام کے تحت مائیکروسافٹ ونڈوز 8.1 میں کوئی خرابی تلاش کرنے والے کو ایک لاکھ ڈالر تک کی رقم انعام میں دیتا تھا۔ لیکن نئے پروگرام میں مائیکروسافٹ ونڈوز 10ہائپر وی اور مائیکروسافٹ ونڈوز سرور آپریٹنگ سسٹم میں کوئی اہم خرابی یا بگ تلاش کرنے پر مائیکروسافٹ 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک کی رقم انعام میں دے گا۔ ہائپر وی مائیکروسافٹ کا ورچوئلازیشن پلیٹ فارم ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

گزشتہ پروگرام کی طرح نئے پروگرام میں بھی مائیکروسافٹ کو ہی یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ تلاش کی گئی خرابی کی اہمیت اور شدت کو دیکھتے ہوئے انعامی رقم کا فیصلہ کرے۔ یہ ضروری نہیں کہ ہر بگ کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر ادا کیے جائیں۔

مائیکروسافٹ کے بگ باؤنٹی پروگرام کی طرح فیس بک، ایپل، گوگل، اوبر اور پے پال سمیت تقریباً ہر ٹیکنالوجی کمپنی اپنی مصنوعات میں خرابی تلاش کرنے والوں کو انعام سے نوازتی ہے۔ اس انعامی رقم کا مقصد سکیوریٹی محققین کو اُکسانا ہے کہ وہ نت نئی خرابیاں تلاش کریں تاکہ مصنوعات کو بہتر اور محفوظ بنایا جاسکے۔

Comments are closed.