گوگل اکاؤنٹ کا ڈیٹا براہ راست ڈراپ باکس یا ون ڈرائیو میں منتقل کریں

گوگل ایجادات کے لئے معروف ہے۔ صارفین گوگل کی سروسز کے اسی لئے گرویدہ ہیں کہ اس کی مصنوعات میں جدت بھی ہوتی ہے اور ان میں صارف کا بھرپور خیال رکھا جاتاہے۔ اگر آپ گوگل کی سروسز سے ناراض ہیں، تب بھی گوگل آپ کو ہنسی خوشی اپنا ڈیٹا گوگل کے سرورز سے اٹھا کر کہیں بھی لے جانے کی سہولت دیتا ہے۔

گوگل نے Takeoutنامی سروس کا آغاز 2011ء میں کیا تھا۔ اس سروس کے ذریعے گوگل کے صارفین اپنا ڈیٹا مثلاً جی میل میں موجود آپ کے ای میل پیغامات، گوگل ڈرائیو پر موجود فائلیں، رابطہ نمبرز اور ای میل ایڈریسز، کلینڈر ڈیٹا، بلاگر ڈیٹا، گوگل فوٹوز وغیرہ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ پانچ سال پرانی اس سروس کو گوگل تواتر سے اپ ڈیٹ کرتا رہتا ہے اور جیسے گوگل کی سروسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ٹیک آؤٹ پر دستیاب آپشنز کی تعداد بھی بڑھتی جارہی ہے۔

google-tip-01-1

ایسا مشکل ہی ہے کہ آپ گوگل کی سروسز سے جان چھڑانے کے لئے ان کے سرورز سے اپنا ڈیٹا اٹھا کر کہیں لے جانا چاہتے ہوں۔ بلکہ گوگل ٹیک آؤٹ کو آپ اپنے قیمتی ڈیٹا کا بیک اپ بنانے کے لئے استعمال کرنا چاہیں گے۔ اسی سال فروری کے آخری ہفتے میں گوگل نے ٹیک آؤٹ میں مزید سہولیات اور بہتری کا اعلان کیا۔ اب آپ گوگل کے سرورز پر موجود اپنے قیمتی ڈیٹا کا بیک اپ براہ راست ڈراپ باکس یا مائیکروسافٹ وَن ڈرائیو کلاؤڈ اسٹوریج پر کرسکتے ہیں۔ اس سے پہلے گوگل ٹیک آؤٹ کے ذریعے آپ اپنا ڈیٹا یا تو ڈاؤن لوڈ کرسکتے تھے یا پھر اسے گوگل ہی کی کلاؤڈ اسٹوریج سرور گوگل ڈرائیو پر بیک اپ کرسکتے تھے۔ گوگل ٹیک آؤٹ تک رسائی کے لئے یہ ربط ملاحظہ کریں:
https://www.google.com/settings/takeout

اگر آپ گوگل اکاؤنٹ میں پہلے سے سائن اِن نہیں ہیں تو ٹیک آؤٹ آپ سے پہلے لاگ اِن ہونے کو کہے گا۔ آپ اپنے گوگل اکاؤنٹ کے یوزر نیم اور پاس ورڈ کے ذریعے لاگ اِن ہوجائیں۔ اب آپ کو ان تمام سروسز کی فہرست نظر آئے گی جن کا ڈیٹا آپ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ جس سروس کے سامنے سبز رنگ کے ٹِک کا نشان موجود ہے، اس کا ڈیٹا ایکسپورٹ کیا جائے گا۔ آپ جس سروس کا ڈیٹا ایکسپورٹ نہیں کرنا چاہتے، اسے کے سامنے موجود سبز رنگ کے نشان پر کلک کرکے اسے غیر منتخب کردیں۔ اسی طرح آپ سروس کے نام پر کلک کرکے اس کے متعلق آپشنز متعین کرسکتے ہیں۔ مثلاً آپ جی میل کی سروس پر کلک کرکے یہ منتخب کرسکتے ہیں کہ کس لیبل کے تحت موجود پیغامات کو ڈاؤن لوڈ کیا جائے اور کن پیغامات کو ایکسپورٹ نہ کیا جائے۔

google-tip-01-2

اس کے بعد سروسز کی فہرست کے نیچے موجود Next کے نیلے بٹن پر کلک کریں۔ اگلے مرحلے میں ٹیک آؤٹ آپ کو بتائے گا کہ آپ نے کون کون سی سروسز کا ڈیٹا ایکسپورٹ کرنے کے لئے منتخب کیا ہے۔ یہ ڈیٹا آرکائیو فائل کی شکل میں محفوظ کیا جاتا ہے اور آپ اسے زِپ یا tgzیا tbz فارمیٹ میں محفوظ کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ تینوں فارمیٹ آپ WinRAR کے ذریعے کھول سکتے ہیں اور تمام ڈیٹا دیکھ سکتے ہیں۔
فائل ٹائپ منتخب کرنے کے بعد Delivery method کی ڈراپ ڈاؤن لسٹ میں سے آپ Add to Dropboxیا Add to OneDrive کا انتخاب کرلیں۔ آخری مرحلے کے طور پر آپ Link account and create archiveکے بٹن پر کلک کردیں۔

google-tip-01-3

اس کے ساتھ ہی گوگل ٹیک آؤٹ آپ کو آپ کے انتخاب یعنی ڈراپ باکس یا وَن ڈرائیو کی لاگ ان اسکرین کی جانب لے جائے گا۔ آپ اپنے ڈراپ باکس/ون ڈرائیو یوزر نیم اور پاس ورڈ سے لاگ اِن ہوجائیں۔
ڈراپ باکس / ون ڈرائیو آپ سے اجازت طلب کرے گا کہ آیا Google Download Your Data کو آپ کے ڈراپ باکس / ون ڈرائیو اکاؤنٹ تک رسائی دی جائے۔ آپ Allowکے بٹن پر کلک کردیں۔

google-tip-01-4

اس کے ساتھ ہی گوگل ٹیک آؤٹ آپ کے ڈیٹا کو جمع کرکے اس کی آرکائیو فائل بنانا شروع کردے گا۔ اگر آ پ نے کئی سروسز کا ڈیٹا ایکسپورٹ کرنے کے لئے منتخب کیا ہے تو اس میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ خصوصاً جی میل کا ڈیٹا ایکسپورٹ ہونے میں خاصا وقت لگتا ہے۔ لیکن چونکہ یہ سارا کام خود کار طریقہ سے ہوتا ہے، اس لئے آپ یہ کام ٹیک آؤٹ کے حوالے کرنے کے بعد آرام کرسکتے ہیں۔جیسے ہی یہ عمل مکمل ہوگا، آپ کو بذریعہ ای میل مطلع کردیا جاتا ہے اور آپ اپنا ڈیٹا ڈراپ باکس / ون ڈرائیو پر ملاحظہ کرسکیں گے۔ اب آپ نے خیال یہ رکھنا ہے کہ جس فولڈر میں یہ ڈیٹا ہے، وہ شیئر نہ ہو۔ ورنہ آپ کا نجی نوعیت کے ڈیٹا کا بیک اپ وبال جان بن سکتا ہے۔

google-tip-01-5

ایک بات اور دھیان میں رکھیں گے کہ اگر آپ نے آرکائیو فائل فارمیٹ میں zip منتخب کیا تھا اور آپ کا ڈیٹا 2 گیگا بائٹس سے زیادہ سائز کا ہے تو گوگل ٹیک آؤٹ اس ڈیٹا کو 2، 2 گیگا بائٹس کی فائلوں کی شکل میںمحفوظ کرے گا۔

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ جولائی 2016 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.