وٹس ایپ پیغامات خفیہ رہتے ہوئے پڑھیں

اکثر لوگ وٹس ایپ پر آئے پیغامات فوراً اس لیے نہیں پڑھتے کہ پیغام بھیجنے والے کو فوراً ریڈ ریسیپٹ کے ذریعے اس کی اطلاع مل جاتی ہے کہ اُن کا پیغام پڑھا جا چکا ہے۔ یقیناً آپ بھی جانتے ہوں گے کہ کسی پیغام پر نیلے رنگ کا ڈبل چیک لگ جائے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ پیغام پڑھ لیا گیا ہے۔

اسی طرح وٹس ایپ آخری بار کب دیکھا گیا یہ وقت اور تاریخ بھی آپ کے تمام دوست دیکھ سکتے ہیں۔ ویسے تو آپ پرائیویسی سیٹنگز میں جا کر ان آپشنز کو غیر فعال کر سکتے ہیں کہ کسی کو ریڈ ریسیپٹ نہ جائے اور نہ ہی کوئی آپ کے آن لائن ہونے کا وقت دیکھ سکے لیکن اس طرح آپ بھی کسی کے آخری آن لائن ہونے کا وقت نہیں دیکھ سکیں گے اور نہ ہی آپ کے پیغامات پڑھے جانے کی اطلاع ملے گی۔

کیا آپ چاہتے ہیں کہ وٹس ایپ پر تمام پیغامات پڑھتے رہیں لیکن کسی کو خبر نہ ہو کہ آپ نے اپنا وٹس ایپ دیکھا ہے۔ اس کے لیے Shh No Last Seen or Read ایپلی کیشن درکار ہو گی۔ یہ ایپلی کیشن اینڈروئیڈ صارفین کے لیے مفت دستیاب ہے۔ گوگل پلے اسٹور پر اس کا نام لکھ کر تلاش کریں یا اس لنک سے انسٹال کر لیں: گوگل پلے اسٹور سے انسٹال کریں

اس ایپلی کیشن سے فائدہ اُٹھانے کے لیے بس اس کے اشتہارات برداشت کرنا پڑتے ہیں جو کہ مفت ورژن میں کچھ زیادہ ہی کثرت سے شامل کیے گئے ہیں۔

جب بھی خفیہ رہتے ہوئے وٹس ایپ پیغامات پڑھنے کا موڈ ہو وٹس ایپ کی بجائے اس ایپلی کیشن کو کھول لیں۔ یاد رہے کہ اس میں آپ کو وٹس ایپ کے صرف نئے آنے والے پیغامات نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ اس میں صرف پیغامات پڑھے جا سکتے ہیں ان کا جواب نہیں دیا جا سکتا۔ جواب دینے کے لیے آپ کو وٹس ایپ ہی استعمال کرنا ہو گی۔ اس کے بعد جب واپس آن لائن جانے کا موڈ ہو تو اس ایپلی کیشن کو بند کر کے وٹس ایپ عام طریقے سے استعمال کریں۔

Comments are closed.