اسنیپ چیٹ کا نیا فیچر تنازعہ کا شکار

اسنیپ چیٹ نے ایک ایسا فیچر لانچ کیا ہے جس نے ایک نئے تنازعے کو جنم دیا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے آپ کا کوئی بھی دوست ریئل ٹائم میں آپ کی لوکیشن یا مقام کا پتا لگا سکتا ہے۔ اسی طرح آپ بھی اپنے دوستوں کی لوکیشن اور ان کی سرگرمیوں کو دیکھ سکتے ہیں۔

اس کے لئے اسنیپ چیٹ اسنیپ میپ (Snap Map) کا استعمال کرتا ہے۔ یہ کوئی الگ ایپلی کیشن نہیں، بلکہ اسنیپ چیٹ ہی کی ایک اپ ڈیٹ ہے جو 21 جون کو ریلیز کی گئی تھی۔لہٰذا اب تک یہ فیچر تمام اسنیپ چیٹ صارفین کے اسمارٹ فونز میں وارد ہوچکا ہے۔

یہ گوگل میپ جیسا ہی ایک فیچر ہے۔ اسنیپ چیٹ کا صارف جب ایپلی کیشن کھولتا ہے تو فون کے جی پی ایس سینسر کی مدد سے اسنیپ میپ صارف کی لوکیشن معلوم کرتا ہے اور اسنیپ چیٹ پر موجود صارف کے دوستوں کو بتاتا ہے۔ فیس بک کے برعکس اسنیپ چیٹ میں ایک صارف دوسرے کو بطور دوست اپنے پاس شامل کرسکتا ہے۔لیکن دوسرے کے لئے ضروری نہیں کہ وہ پہلے کو لازمی بطور اپنا دوست شامل کرے۔ تاہم لوکیشن شیئرنگ کا فیچر صرف ان دوستوں کے مابین کام کرے گا جنہوں نے ایک دوسرے کو بطور دوست شامل کررکھا ہے۔ ساتھ ہی اسنیپ چیٹ صارف چاہے تو اس فیچر کو مکمل طور پر غیر فعال کرسکتا ہے یا پھر صرف مخصوص دوست یا دوستوں کے لئے مختص کرسکتا ہے۔

اسنیپ چیٹ کا کہنا ہے کہ یہ فیچر بالکل محفوظ ہے، لیکن برطانوی قانون نافذ کرنے والوں اداروں سمیت بہت سے لوگ اسے غیر محفوظ سمجھتے ہیں ۔ ان کا خیال ہے کہ اس فیچر کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں میں stalking کا رجحان بڑھے گا۔ یو کے سیفر انٹرنیٹ سینٹر نے اسنیپ چیٹ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس بات پر خصوصی دھیان دیں کہ وہ کس کے ساتھ اپنی لوکیشن شیئر کررہے ہیں۔ کیونکہ اس کے ذریعے لوگ بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کوئی صارف کب کہاں جاتا ہے اور کیا کرتا ہے۔ یہ صارف کی اپنی سکیوریٹی کے لئے بے حد خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

اسنیپ چیٹ کے اس فیچر کو کیسے غیر فعال کیا جائے؟

  • اسنیپ میپ کو کھولیں
  • سیٹنگز پر ٹیپ کریں
  • Ghost Mode کو آن یا Enable کردیں۔

Comments are closed.