اپنی عام تصاویر کو فن پاروں میں بدلیں

اپنی تصاویر پر خوبصورت ایفیکٹس ڈال کر انھیں مزید دلکش بنانا آج کل سبھی کو پسند ہے اس لیے سب مختلف فوٹو ایڈیٹنگ ایپلی کیشنز استعمال کرتے ہیں۔ ایپ اسٹور پر دیکھا جائے تو اس کام کے لیے سیکڑوں ایپس مفت دستیاب ہیں۔
اس حوالے ایک نئی ایپلی کیشن پرزما (Prisma) آج کل تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ پرزما چند ہی ہفتوں میں ایپل اسٹور میں امریکا کی 10 ویں سب سے بڑی ایپ بن چکی ہے اور فوٹو و وڈیو ایپ میں اس کا نمبر تیسرا ہے۔ پرزما کی مقبولیت کی وجہ یہ ہے کہ یہ آپ کی عام تصاویر کو فن پاروں میں بدل دیتی ہے۔

آئی فون صارفین کے لیے یہ ایپلی کیشن پہلے ریلیز کر دی گئی تھی جس کی وجہ سے آئی فون صارفین پھولے نہ سمائے اور بُری طرح اس ایپ کے بخار میں مبتلا ہو گئے تھے۔ تاہم اب اس کی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا اینڈروئیڈ ورژن بھی ریلیز کر دیا گیا ہے۔
پرزما کا مقصد آرٹ ورک کو ترویج دینا ہے۔ اس کے ذریعے تصاویر کو صرف اور صرف آرٹ ورک میں بدلا جا سکے گا۔ اس میں آرٹ ورک کے 34 فلٹرز موجود ہیں جن میں سے آپ اپنی پسند کا فلٹر اپنی تصویر پر لگا کر اسے آرٹ ورک میں بدل سکتے ہیں۔
اس میں تصویر کو براہِ راست بنا کر آرٹ ورک میں بدلا جا سکتا ہے اور اگر گیلری میں پہلے سے کوئی تصویر موجود ہے تو اس پر بھی ایڈیٹنگ کی جا سکتی ہے۔

اس ایپلی کیشن کا استعمال انتہائی سادہ ہے ، بس تصویر پر اپنی پسند کا آرٹ ورک منتخب کریں تو اس پر ایک سلائیڈر آجائے گا۔ اب آپ اسے جتنا گہرا یا ہلکا رکھنا چاہیں گے سلائیڈر کو دائیں بائیں ہلا کر منتخب کر لیں۔ آپ کی تصویر اس آرٹ ورک میں ڈھل جائے گی۔
پرزما کو آپ ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ ایپ اسٹور پر یہ کہاں واقع ہے یہ جاننے کے لیے اس کی ویب سائٹ ملاحظہ فرمائیں:
prisma-ai.com

وہ اینڈروئیڈ صارفین کو اس ایپ کو قبل از وقت حاصل کرنے کے لیے اس کی apk فائل کسی غیرمصدقہ ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر انسٹال کر چکے ان سے گزارش ہے کہ وہ اس ایپ کا Beta ورژن تھا اب چونکہ اس کا آفیشیل اور مکمل ورژن ریلیز ہو چکا ہے اس لیے اس کی پرانے ورژن کو اَن انسٹال کر کے اس نئے ورژن کو انسٹال کر لیں۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اگست 2016 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.