آزمائیں موزیلا فائر فاکس کا آزمائشی فیچر “سنوز ٹیبز”

موزیلا نے حال ہی میں فائر فاکس کےلیے ایک اور زبردست آزمائشی فیچر متعارف کرایا ہے۔ بہت سے صارفین کےلیےیہ فیچر بہت کارآمد ثابت ہوگا۔ اس فیچر کا نام سنوز ٹیبس (Snooze Tabs) ہے یعنی فائر فاکس میں اب آپ ٹیبس کو عارضی طور پر” سُلا“ بھی سکتے ہیں۔

یہ فیچر فائر فاکس میں کھلے کسی بھی ٹیب (جس میں آپ نے کوئی ویب پیج/ویب سائٹ کھول رکھی ہے)کو فائر فاکس سے غائب کردیتا ہے اور پھر مقررہ وقت پر واپس فائر فاکس میں ظاہر کردیتا ہے۔

یہ فیچر اس صورتحال میں بہت مفید ہے جب آپ کسی ٹیب کو فی الحال بند کرنا چاہیں مگر اس کے بارے میں بھولنا بھی نہ چاہتے ہوں۔ اس فیچر کی مدد سے عارضی طور پر وزٹ کی گئی ویب سائٹس کو بک مارک یا فائر فاکس پاکٹ میں محفوظ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ یاد رہے کہ Read It Later, Incکی پاکٹ سروس جو کسی بھی یو آر ایل کو بعد میں پڑھنے کے لئے محفوظ کرلیتی تھی، کو حال ہی میں فائر فاکس نے خریدا ہے۔

یہ فیچر چونکہ فائر فاکس کے فائنل ورژن میں ابھی تک شامل نہیں کیا گیا، اس لئے یہ عین ممکن ہے کہ آپ نے ابھی اسے استعمال نہ کیا ہو۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لئے آپ کو موزیلا کی مخصوص ویب سائٹ

testpilot.firefox.comسے ٹیسٹ پائلٹ ایڈون ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کرنا ہوگا۔ یہ بہت آسان ہے۔ ویب سائٹ کی ابتداء ہی میں Install the Test Pilot Add-on نامی سبز رنگ کا بٹن ہے۔ اس پر کلک کریں۔ چند ہی لمحوں میں ایڈاون کی انسٹالیشن مکمل ہوجائے گی۔ انسٹالیشن کے بعد جب آپ testpilot.firefox.com کو ملاحظہ کرتے ہیں تو آپ کو وہ سبز بٹن نظر نہیں آتا۔ اب آپ اسی ویب سائٹ پر دستیاب مختلف تجرباتی فیچرز ملاحظہ کریں۔

یہ مضمون جس وقت لکھا جارہا ہے، اس وقت Snooze Tabs سب سے پہلے موجود ہے۔ آپ سنوز ٹیبس کے نیچے موجود Get Started کے نیلے بٹن پر کلک کریں۔اگلے ویب پیج پر آپ کو Enable Snooze Tabs کا بٹن نظر آئے گا۔ اس پر کلک کردیں۔ چند لمحوں میں یہ فیچر فعال ہوچکا ہوگا۔ اگرچہ آپ کو اس حوالے سے باقاعدہ پاپ اپ کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔ لیکن اس کے فعال ہونے کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ آپ کو ایڈریس بار کے دائیں جانب (جہاں ڈاؤن لوڈ اور ہوم کے آئی کن موجود ہوتے ہیں) ایک گھنٹی کا آئی کن نظر آنا شروع ہوجائے گا۔ اس گھنٹی میں Z لکھا ہوگا۔

اس گھنٹی پر کلک کرنے سے سے ایک ڈراپ ڈاؤن مینو ظاہر ہوگا ۔اس مینو سے آپ منتخب کر سکتےہیں کہ آپ اس ٹیب کو کتنی دیر تک سنوز کرنا چاہتے ہیں۔صارفین اس فیچر سے ٹیب کو مختلف دنوں، ہفتوں مہینوں یا مخصوص وقت تک کے لیے محفوظ کر سکتے ہیں۔ ایک بار سنوز ہونے کے بعد ٹیب بند ہو جاتی ہے اور آپ کے متعین کردہ وقت تک اوجھل ہی رہتا ہے۔
اگر آپ چاہیں کہ آپ کی سنوز کی گئی ٹیبز متعین وقت سے پہلے ہی سامنے آئیں تو آپ کو پھر سے گھنٹی کے آئیکون پر کلک کر کے Manage Snoozed Tabs پر کلک کرنا پڑے گا۔

ایک بات ذہن میں رہے کہ موزیلا کا یہ فیچر تجرباتی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ یہ لمبے وقت تک دستیاب رہے یا پھر ہو سکتا ہے کہ کچھ وقت کے بعد اسے ختم کر دیا جائے۔

Comments are closed.