اپنے اینڈروئیڈ فون کو ایک مکمل کمپیوٹر بنائیں

چند سال پہلے جتنا طاقت ور ہارڈویئر ایک اچھے کمپیوٹر میں نصب ہوتا تھا آج کل اتنا باآسانی ایک اسمارٹ فون میں موجود ہوتا ہے۔ اگرچہ اسمارٹ فون تاحال کمپیوٹر کی افادیت کو نہیں پہنچ سکتے لیکن پھر بھی ایک عام کمپیوٹر صارف جو صرف ای میل، چیٹ اور براؤزنگ تک محدود ہے کے لیے اسمارٹ فون مکمل طور پر کمپیوٹر کی جگہ لے چکا ہے۔ تاہم آپ کو یہ بھی پتا ہونا چاہیے کہ اسمارٹ فون کو ایک مکمل کمپیوٹر میں بھی بدلا جا سکتا ہے۔ جی ہاں اس کے لیے آپ کو اینڈروئیڈ کا نیا آپریٹنگ سسٹم ’’اینڈرومیئم‘‘ (Andromium) درکار ہو گا جس کی انسٹالیشن کے بعد آپ کا اسمارٹ فون مکمل کمپیوٹر بن سکتا ہے۔

اینڈرومیئم کو استعمال کرتے ہوئے بلیوٹوتھ ماؤس اور بلیوٹوتھ کی بورڈ بھی فون کے ساتھ جوڑا جا سکتا ہے۔ اینڈرومیئم کے لیے کم از کم اسنیپ ڈریگن 800 ، دو جی بی ریم اور کم از کم اینڈروئیڈ لولی پاپ آپریٹنگ سسٹم کا ڈیوائس میں موجود ہونا ضروری ہے۔

اینڈرومیئم دراصل ایک دلچسپ منصوبہ ہے جس پر کام جاری ہے۔ کک اسٹارٹر ویب سائٹ پر اس منصوبے کی تکمیل کے لیے چندہ کیا جا رہا ہے۔ اس سے جمع ہونے والے پیسوں سے ایک ایسا لیپ ٹاپ تیار کیا جائے گا جو دراصل صرف ایک خول (Shell) کا کام کرے گا۔
www.andromiumos.com

اس خالی خولی لیپ ٹاپ کی قیمت 99 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ جب اینڈرومیئم کا حامل فون بذریعہ ڈیٹا کیبل اس لیپ ٹاپ سے جوڑا جائے گا تو وہ فوراً آپ کے فون کو بطور لیپ ٹاپ سامنے پیش کر دے گا۔بہرحال فی الحال اگر آپ اپنے موجودہ اسمارٹ فون کو لیپ ٹاپ بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے گوگل پلے اسٹور سے اینڈرومیئم ایپلی کیشن انسٹال کر لیں۔

انسٹال کریں

android-device-computer-1

انسٹالیشن کے بعد جب آپ اسے چلائیں گے تو App Usage Access کی اجازت مانگی جائے گی۔ یہاں OKکو منتخب کر لیں۔

android-device-computer-2

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اگلے مرحلے پر یہ نوٹی فکیشنز دِکھانے کی اجازت مانگی جائے گی، یہ اجازت بھی دینے کے بعد آگے بڑھ جائیں۔

android-device-computer-3

اگلی اسکرین پر آپ کو آپریٹنگ سسٹم کی ریزولوشن اور چارجنگ کے حوالے سے چند ہدایات دکھائی جائیں گی، یہاں ڈراپ ڈاؤن لسٹ میں سے نارمل منتخب کرنے کے بعد نیچے موجود OK بٹن کو منتخب کر لیں۔ اس کے بعد جیسے ایک عام ایپلی کیشن کے انسٹال ہو جانے کی اطلاع ملتی ہے بلکہ ایسے ہی اینڈرومیئم کی انسٹالیشن کے مکمل ہو جانے کی تصدیق کر دی جائے گی یعنی اب آپ اینڈرومیئم کو استعمال کر سکتے ہیں۔

android-device-computer-4

جیسے ہی آپ اسے چلائیں گے، آپ دیکھیں گے کہ آپ کا فون یا ٹیبلٹ بالکل کمپیوٹر کے ڈیسک ٹاپ جیسا بن چکا ہے۔ اب آپ بذریعہ بلیو ٹوتھ کی بورڈ یا ماؤس کو بھی اپنے فون سے جوڑ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئی بڑی ڈسپلے جیسے کہ مونیٹر کو بھی فون سے جوڑ کر ایک مکمل کمپیوٹر کا لطف اُٹھا سکتے ہیں۔

android-device-computer-5

اگر آپ کو اضافی کی بورڈ استعمال کرتے ہوئے اینڈروئیڈ کا اپنا کی بورڈ تنگ کرے، یعنی جہاں کہیں ٹائپنگ کرنی ہو گی ظاہر ہے فون کا کی بورڈ آدھی اسکرین گھیر لے گا تو اس کے لیے فون کے کی بورڈ کو عارضی طور پر بند کرنا ہو گا۔

android-device-computer-6

اس کے لیے ایک عدد ایپلی کیشن “Null Keyboard” کی ضرورت ہو گی۔ یہ ایپلی کیشن بھی آپ گوگل پلے اسٹور سے تلاش کرنے کے بعد انسٹال کر سکتے ہیں۔
اینڈرومیئم سے واپس اپنے اسمارٹ فون میں آنے کے لیے آپ اس آپریٹنگ سسٹم کو شٹ ڈاؤن کر سکتے ہیں، اس طرح دراصل یہ ایپلی کیشن بند ہو جائے گی اور فون واپس اصلی حالت میں آجائے گا۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 123 میں شائع ہوئی

Comments are closed.