اوبر 24 ہزار سیلف ڈرائیونگ کاریں خریدے گا
اب تک تو اوبر (Uber) کا بزنس ماڈل یہی تھا کہ ڈرائیورز ہی گاڑیاں چلاتے تھے اور وہی ان کی مالک بھی تھے، لیکن اب بہت جلد امریکی ادارہ اپنی کاروں کا بیڑا ترتیب دے گا اور اس کی خاص بات ہوگی کہ یہ سب سیلف ڈرائیونگ کاریں ہوں گی، یعنی بغیر ڈرائیور کے خود چلنے والی۔
اوبر نے سوئیڈن کے معروف ادارے وولوو (Volvo) کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے مطابق وہ 24 ہزار سیلف ڈرائیونگ کاریں خریدے گا۔ خودکار ڈرائیونگ کے شعبے میں جن ناکامیوں کا اب تک سامنا ہوا ہے، ان کے خاتمے اور ازالے کے لیے یہ قدم اہم قرار دیا جا رہا ہے اور یہ فیصلہ کرے گا کہ سیلف ڈرائیونگ سسٹم کی دوڑ میں کون جیتے گا؟ اووبر کا سیلف ڈرائیونگ سسٹم اور وولوو کی کاروں کی کوشش ہوگی کہ بازی ان کے نام رہے۔
وولوو کے جاری کردہ بیان کے مطابق وہ معاہدے کے تحت اپنی ایکس سی 90 کاریں اوبر کو فراہم کرے گا۔ یہ خودکار ٹیکنالوجی کی حامل گاڑیاں 2019ء سے 2021ء کے درمیان دی جائیں گی اور ان کی تعداد 24 ہزار تک ہوگی۔ ان گاڑیوں کے لیے سیلف ڈرائیونگ سسٹم اوبر تیار کررہا ہے۔
اگر اوبر نے تمام 24 ہزار گاڑیاں خرید لیں تو یہ وولوو کا سب سے بڑا آرڈر ہوگا اور خود کار گاڑیوں کی سب سے بڑی فروخت بھی۔ اس کے ساتھ ہی اوبر کے پاس کمرشل گاڑیوں کا پہلا بیڑا بھی آ جائے گا۔
ایک ایسے وقت پر جب اوبر سہ ماہی میں 600 ملین ڈالرز کا خسارہ برداشت کر رہا ہے، یہ فیصلہ مستقبل میں اوبر کے پورے کاروباری ماڈل کی تبدیلی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
ویسے نئی وولوو ایکس سی 90 کی قیمت 50 ہزار ڈالرز سے شروع ہوتی ہے اور مجموعی طور پر یہ سودا ایک ارب ڈالرز تک پہنچے گا۔ ایک سال سے زیادہ عرصہ ہو چکا ہے کہ اس کا پروٹوٹائپ اوبر کے پاس تجربات سے گزر رہا ہے۔
وولوو آمدنی کے لحاظ سے سوئیڈن کی سب سے بڑی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ہے اور 2017ء میں مسلسل چوتھے سال ریکارڈ فروخت کرنے جا رہی ہے۔ کیا وولوو ڈوبتے ہوئے اوبر کو سہارا دے پائے گا؟ یہ آنے والا وقت بتائے گا۔
Comments are closed.