پلے اسٹور کے بغیر انسٹال کی گئی ایپلی کیشنز کو خودکار طریقے سے اپ ڈیٹ رکھیں

اینڈروئیڈ کی مقبولیت کی وجہ سے اس کی ایپلی کیشنز انتہائی تیزی سے بنائی جا رہی ہیں۔ اینڈروئیڈ ایپس ویسے تو گوگل پلے اسٹور سے انسٹال کی جاتی ہیں لیکن اکثر ایپلی کیشنز جب کسی وجہ سے پلے اسٹور سے انسٹال نہ ہو سکیں تو اینڈروئیڈ صارفین انھیں کہیں اور سے ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کر لیتے ہیں۔ پلے اسٹور کے ذریعے سے انسٹال ہونے والی تمام ایپلی کیشنز کے جب نئے ورژن اسٹور پر دستیاب ہوتے ہیں تو اینڈروئیڈ انھیں خود بخود اپ گریڈ کر دیتا ہے۔ لیکن ایسی ایپس جنھیں گوگل پلے اسٹور سے انسٹال نہ کیا ہو، انھیں اپ ڈیٹ کرنے کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ دوبارہ ان کا تازہ ورژن ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کیا جائے۔

ایسی درجنوں ایپس آج کل تقریباً ہر اینڈروئیڈ صارف کے اسمارٹ فون میں موجود رہتی ہیں اور ان کا اپ ڈیٹ نہ ہونا کئی مسائل کو جنم دیتا ہے۔ اکثر تو یہ کام کرنا ہی چھوڑ دیتی ہیں اور دوسرا ان کا پرانے ورژن پر موجود رہنا بھی ایک سکیوریٹی خطرہ ہے کہ ان میں دریافت ہونے والی خرابی چونکہ نئے ورژن میں ٹھیک کی گئی ہوتی ہے لیکن نئے ورژن کی عدم انسٹالیشن کی وجہ سے فون خطرے میں رہتا ہے۔

ایسی صورتِ حال میں آپ کے پاس ’’اےپی کے اپ ڈیٹر‘‘ (APKUpdater) ایپلی کیشن انسٹال ہونی چاہیے۔ یہ ایپلی کیشن ایسی بیرونی انسٹال ایپلی کیشنز پر نظر رکھتی ہے اور جیسے ہی ان کا تازہ ترین ورژن دستیاب ہوتا ہے انھیں اپ گریڈ کر سکتی ہے۔
یہ ایپلی کیشن بھی بطور APK فائل دستیاب ہے جسے آپ درج ذیل ربط سے ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے فون میں انسٹال کرسکتے ہیں:
apkupdater  [the_ad id=”6755″]

یہ ایپ app-release.apk کے نام سے موجود ہو گی اور اس کا تازہ ترین ورژن مفت ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ انسٹالیشن کے بعد جب آپ اسے چلائیں گے تو یہ انسٹال شدہ تمام ایپس کی فہرست سامنے پیش کر دے گی۔ اگر آپ کسی ایپلی کیشن کو اپ ڈیٹ کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے تو یہ آپشن بھی اس ایپ میں موجود ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ ایپلی کیشن کے تکمیلی ورژن یعنی بی ٹا ورژن سے بچنا چاہتے ہیں تو ایپ کنفیگریشن میں جا کر”Skip experimental builds” کے آپشن کو استعمال کریں۔

’’اے پی کے اپ ڈیٹر‘‘ ایپلی کیشنز کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے APKMirror ویب سائٹ کو استعمال کرتی ہے جبکہ گوگل پلے اسٹور اور APKPure کو بھی اس فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح وہ بیرونی ایپلی کیشنز جو پہلے مہینوں پرانے ورژن پر موجود ہوں گی اُن کو آپ اس ایپ کے ذریعے جب چاہیں اپ گریڈ کر سکتے ہیں۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 125 میں شائع ہوئی

اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔

Comments are closed.