اپنی وڈیوز کو ایفیکٹس اور میوزک کے ساتھ شاندار بنائیں

اگر آپ سوشل میڈیا پر اپنی وڈیوز شیئر کرنا پسند کرتے ہیں یا اپنی یادگار تقریبات کی خوبصورت وڈیوز بنا کر محفوظ کرنا چاہتے ہیں یہ کام بہت ہی آسانی سے ’’ویوا وڈیو‘‘ (Viva Video) ایپلی کیشن سے کیا جا سکتا ہے۔ ویوا وڈیو ایڈیٹر ایک بہترین اور لاجواب وڈیو ایڈیٹنگ ایپلی کیشن ہے۔ اگر آپ اس کو ذرا سی توجہ دیں تو لاجواب وڈیوز خود بنا سکتے ہیں۔

سب سے پہلے ویوا وڈیو ایڈیٹر ایپلی کیشن انسٹال کر لیں جس کے لیے آپ درج ذیل ربط استعمال کر سکتے ہیں یا اسے ایپ اسٹور سے بھی تلاش کرتے ہوئے انسٹال کر سکتے ہیں۔ ویوا وڈیو ایڈیٹر اینڈروئیڈ اور آئی او ایس دونوں کے لیے دستیاب ہے:
www.vivavideo.tv

اچھی وڈیو بنانے کے لیے سب سے پہلے تو یہ یاد رکھیں کہ ایک ہی طویل وڈیو مت بنائیں، بلکہ پندرہ بیس سیکنڈز سے لے کر ایک منٹ سے بھی کم دورانیے کی ایک سے زائد وڈیوز بنائیں۔اب ویوا وڈیو ایڈیٹر کو کھولیں اور وڈیو ایڈیٹنگ منتخب کر کے ان چھوٹے چھوٹے کلپس کو اس میں ایڈیٹنگ کے لیے شامل کر لیں۔

اس میں بہت سارے اور کافی پیارے ایفیکٹس موجود ہیں، آپ باری باری سب ایفیکٹس کو آزما سکتے ہیں۔ ہر ایفیکٹ کے ساتھ خود بخود کوئی میوزک بھی آجائے گا اور آپ چاہیں تو میوزک بدل سکتے ہیں اور اپنی پسند کا کوئی گانا بھی شامل کر سکتے ہیں۔

یہ تو ہو گیا سادہ سا کام۔ لیکن اگر آپ اپنی وڈیو کو مزید شاندار بنانا چاہتے ہیں تو ایڈٹ کے حصے میں آجائیں۔ یہاں سے آپ کسی بھی کلپ کی رفتار کم یا زیادہ کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ کسی کلپ کو ریورس یعنی اُلٹا بھی کر سکتے ہیں۔ اگر آپ وڈیو میں میوزک استعمال کرنا چاہتے ہیں اور وڈیو میں ریکارڈ شدہ آواز یا شور کو ختم کرنا چاہیں تو کسی کلپ یا تمام کلپس کو خاموش بھی کر سکتے ہیں۔ اس طرح ایپلی کیشن میں منتخب کردہ میوزک مزید خوبصورتی پیدا کر دے گا۔

اس ایپ کو آزماتے ہوئے ہم نے کوشش کی کہ اسکرین ریکارڈنگ سے وڈیو بھی بنا لی جائے، یہ وڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجیے:

وڈیو میں جگہ جگہ آپ دلچسپ اسٹکرز اور مختصر میوزک جیسے کہ ہنسنے کی آواز ،دیگر ساؤنڈ ایفیکٹس اور اپنی آواز بھی شامل کر سکتے ہیں، یہ سہولتیں بھی اس ایپ میں پہلے سے موجود ہیں۔
ان تمام چھوٹے چھوٹے اور آسان کاموں کے بعد آپ کی وڈیو بالکل نکھر کر سامنے آجائے گی۔ اسے آپ ایپ میں ہی چلا کر دیکھ سکتے ہیں اور پسند آنے کے بعد عام یا ایچ ڈی کوالٹی میں ایکسپورٹ کر سکتے ہیں۔ یہ وڈیو ایپلی کیشن کے ایڈیٹنگ سیکشن میں بدستور مزید تبدیلیوں کے لیے بھی ہر وقت موجود رہے گی۔

اس ایپلی کیشن کو استعمال کرتے ہوئے آپ ہمارا تجربہ دیکھ سکتے ہیں کہ جس میں ہم نے صرف دو وڈیو کلپس کو شامل کیا، ان پر میوزیک اور ایفیکٹس استعمال کیا اور بس آخری کلپ کی رفتار بڑھا دی۔ اس کا کیا نتیجہ نکلا یہ نیچے دی گئی وڈیو دیکھیں اور ہمیں امید ہے آپ بھی اس کے بعد یہ ایپ استعمال کرنے پر مجبور ہو جائیں گے:

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 123 میں شائع ہوئی

Comments are closed.