وٹس ایپ کی جانب سے مفت انٹرنیٹ کی آفر

وٹس ایپ بلاشبہ اس وقت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن ہے۔ اس کی مقبولیت دیکھتے ہوئے اکثر فراڈیے نت نئے طریقوں سے اس کے ذریعے لوگوں کے بے وقوف بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کبھی وٹس ایپ کے نئے فیچرز کا جھانسہ دے کر تو کبھی وٹس ایپ کے خاص گولڈ ورژن کا لالچ دے کر ان کے فون میں وائرس منتقل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

 
اس سلسلے میں تازہ ترین حربہ یہ سامنے آیا کہ وٹس ایپ صارفین کو ایسا پیغام بھیجا رہا ہے جس میں کہا جاتا ہے کہ وٹس ایپ اب مفت انٹرنیٹ بھی فراہم کرے گی لیکن یہ سلسلہ فی الحال صرف جن کو دعوت دی جا رہی ہے وہی استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر آپ بھی اس سروس سے مستفید ہونا چاہتے ہیں تو اپنے 13 دوستوں کو یہ پیغام فارورڈ کریں۔

انٹرنیٹ وہ بھی مفت یعنی بغیر وائی فائی اور موبائل ڈیٹا کے، یعنی ایسا لالچ کے سب کے منہ میں پانی آجائے۔ بھلا اس آفر سے کون کافر انکار کر سکتا ہے۔ بس یہی حربہ کام کر جاتا ہے اور وٹس ایپ صارفین دھڑا دھڑ اس میسج کو فارورڈ کیے جا رہے ہیں جس میں دراصل ایک وائرس زدہ ویب سائٹ کا لنک موجود ہے۔ جو بھی اس ویب سائٹ پر جائے گا اس کے فون میں وائرس منتقل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ مزیدار بات یہ ہے کہ اپنے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کے لیے اس پیغام کے ساتھ لوگوں کے تبصرے بھی دکھائے جاتے ہیں جو کہہ رہے ہوتے ہیں کہ ’’واہ زبردست، واقعی یہ طریقہ کام کر رہا ہے۔‘‘ حالانکہ یہ سب جھوٹ ہے۔

اس لیے تمام قارئین سے گزارش ہے کہ اس طرح کے دھوکے میں مت آئیں، وٹس ایپ میں جب کوئی سہولت سامنے آئے گی تو آپ کو مستند ذرائع سے پتا چل جائے گا اور وٹس ایپ کی جانب سے خود ہی آپ کو اطلاع کر دی جائے گی۔

Comments are closed.