ونڈوز موبائل موت کے دہانے پر، مائکروسافٹ نے اعلان کردیا

مائکروسافٹ نے شکست تسلیم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب سے ونڈوز فون میں کوئی نئے فیچر شامل نہیں کیے جائیں گے اور نا ہی مزید کوئی نئے فون ریلیز کیے جائیں گے۔

یہ کہنا تھا مائکروسافٹ کے کارپوریٹ وائس پریزیڈنٹ جوائے بیلفیور کا جنہوں نے گزشتہ روز ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے گویا اس پالیسی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ساتھ ہی یہ وضاحت بھی کر دی کہ اگرچہ کمپنی ونڈوز فون میں مزید کوئی نئے فیچر شامل نہیں کرے گی تاہم بگ فکسز اور سیکورٹی اپڈیٹس ملتے رہیں گے۔

سنہ 2000 میں پاکٹ پی سی PocketPC کے لیے متعارف کرائے گئے ونڈوز موبائل نے اگرچہ کافی مقبولیت سمیٹی تاہم 2007 میں آئی او ایس اور 2008 میں اینڈرائڈ کے متعارف کرائے جانے کے بعد اس کی مقبولیت میں مسلسل کمی آتی گئی۔

سٹیٹ کاؤنٹر کے مطابق گزشتہ ماہ یعنی ستمبر میں ونڈوز موبائل کا مارکیٹ شیئر محض 0.77% تھا، یہی وجہ ہے کہ اس وقت کمپنی کی توجہ دیگر پلیٹ فارمز جیسے اینڈرائڈ اور آئی او ایس پر اپنی خدمات متعارف کرانا ہے۔

Comments are closed.