زمین آگ کا گولہ بن جائے گی، پروفیسر ہاکنگ

معروف برطانوی پروفیسر اور دنیا بھر میں مشہور نظریاتی طبیعات دان سٹیفن ہاکنگ نے خبرار کیا ہے کہ اگلے 600 سالوں میں انسان زمین کو تباہ کر کے اسے آگ کے گولے میں بدل دیں گے۔

پروفیسر ہاکنگ نے یہ بات چین میں منعقدہ ایک سائنسی کانفرنس سے انٹرنیٹ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کو ناپیدگی سے بچنے کے لیے اگلی 6 صدیوں مین زمین کو چھوڑنے کا پلان وضع کرنا ہوگا۔

معروف طبیعات دان کا خیال ہے کہ آبادی اور توانائی کی طلب میں اضافہ کرہ ارض کو تباہی سے دوچار کرتے ہوئے اسے “آگ کے گولے” میں بدل دے گی لہذا انسانوں کو ابھی سے قابلِ رہائش سیاروں کی تلاش شروع کر دینی چاہیے۔

پروفیسر ہاکنگ نسلِ انسانی کی بقاء کے لیے سیاروں کے سفر کے شدید حامی ہیں، ان کے خیال میں ایسے منصوبوں پر سرمایہ کاری کے باعث انسان مریخ پر ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں پہنچنے کے قابل ہوجائے گا جبکہ پلوٹو پر محض کچھ ہی دنوں میں پہنچا جا سکے گا۔

مصنوعی ذہانت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانیت کو مصنوعی ذہانت اور روبوٹس کے منفی اثرات جھیلنے کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا جو آہستہ آہستہ انسانوں کی جگہ لے رہے ہیں جن کی وجہ سے کمپنیاں دنیا بھر میں کروڑوں مزدوروں کو بے روزگار کر دیں گی۔

Comments are closed.