ہیکروں سے بدتمیزی کا برا نتیجہ، ویوو کا 3 ٹیرا بائٹس ڈیٹا لیک

ہیکروں کے ایک گروہ نے پہلےملٹی نیشنل ویڈیو ہوسٹنگ سروس ویوو (Vevo) کے سسٹم کو ہیک کیا، پھر ویوو کے ترجمان سے رابطہ کرکے اس ہیکنگ کی خبر بھی دی۔ لیکن جب ترجمان نے جواب میں گالیاں لکھیں تو ہیکروں کا ‘ماتھا گرم’ ہوگیا اور انہوں نے ویوو کو 3 ٹیرا بائٹس سے بھی زیادہ ڈیٹا اپنی ویب سائٹ پر شائع کردیا۔ اس ڈیٹا میں کمپنی سے وابستہ فنکاروں کی نجی معلومات بھی شامل تھیں۔

رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز ہیکروں کے ایک گروہ جس کا نام Ourmine ہے، نے ویوو کا یہ ڈیٹا لیک کیا کیونکہ کمپنی کے ایک ملازم نے ان سے لنکڈ اِن پر بدزبانی کی۔ اس گروہ نے جو اسکرین شاٹ شیئر کیے ہیں ان سے پتا چلتا ہے کہ انہوں نے پہلے کمپنی کے ترجمان سے رابطہ کرکے انہیں اس ہیکنگ کی اطلاع کی تھی۔ لیکن کمپنی کے ملازم نے اُس اطلاع کو بے پر کی سمجھا اور گالیاں لکھیں۔ اس پر ہیکروں نے ڈیٹا شیئر کیا۔ لیکن بعد میں ویوو کے درخواست پر ڈیٹا اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا۔ اس ڈیٹا میں کمپنی سے متعلق بہت ہی حساس معلومات موجود تھیں۔ مثلاً ایک دستاویز میں کمپنی کے آفس کا الارم سسٹم غیر فعال کرنے کا طریقہ درج تھا۔ ویوو کے ترجمان نے بعد میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کا ڈیٹا چوری ہوگیا ہے۔

ہیکروں کا گروہ OurMine ماضی میں کئی معروف کمپنیوں کے اکاؤنٹس، ویب سائٹس اور سرورز ہیک کرچکا ہے۔ ان میں فٹ بال کلب بارسلونا کا ٹوئٹر اکاؤنٹ، ایچ بی او، فیس بک کے مارک زکربرگ، گوگل کے سندر پچائی اور ٹوئٹر کے ڈِک کوسٹولو کے اکاؤنٹ بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یہ گروہ TechCrunch، بزفیڈ اورVariety کی ویب سائٹس بھی ہیک کرچکا ہے۔

Comments are closed.