رات یا کم روشنی میں فون فوٹوگرافی سے بہتر نتائج حاصل کریں

اگر آپ تصویر کھینچنے کے شوقین ہیں تو آپ کی یہ بھی خواہش ہوگی کہ نیم اندھیرے میں تصاویر کھینچی جائیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ کم روشنی میں بھلے منظر کی تصویر کھینچی جائے یا اپنی اور دوستوں کی، فون فوٹوگرافی کا رزلٹ وہ نہیں رہتا جو کہ دن میں ہوتا ہے جبکہ ہم انٹر نیٹ پر ایسی ہزار ہا تصاویر دیکھ چکے ہیں جو کہ رات میں کھینچی گئی ہیں لیکن ان کا رزلٹ ایسا ہے کہ گویا عین سورج کے نیچے کھینچی گئی ہوں۔

 

بھلے آپ کے پاس ڈی ایس ایل آر کیمرا نہ سہی اب جبکہ موبائل فون پر ہی جدید ساز و سامان سے لیس کیمرے آ رہے ہیں تو اس مضمون میں آپ چند ہدایات پڑھ سکیں گے جن پر عمل کرنے سے آپ کی رات یا نیم اندھیرے میں کی گئی فوٹوگرافی میں تصاویر نسبتاً بہتر نتائج کی حامل ہوں گی۔

فون کو ساکن رکھیں

کم روشنی میں فوٹوگرافی کرتے وقت اس بات کا خاص دھیان رکھیں کہ موبائل فون ہلنے نہ پائے۔ اگر آپ کا ہاتھ کانپتا ہے تو فون کسی ٹھوس جگہ رکھ کر بھی تصویر کھینچ سکتے ہیں یا ٹرائی پوڈ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ دراصل جب روشنی کم ہوتی ہے تو کیمرہ تصویر کھینچنے میں تھوڑا زیادہ وقت لیتا ہے اور اس کو تصویر مکمل ہونے تک جامد رکھنا ضروری ہے۔

ایچ ڈی آر + نائٹ موڈ

ایچ ڈی آر تصویر کی کوالٹی بڑھانے کا عمدہ ٹول ہے۔ تاہم ایچ ڈی آر عام طور پر اندھیرے میں کھینچی گئی تصاویر کا اچھا رزلٹ نہیں دیتا۔ اس لیے اچھے نتائج حاصل کرنے کے لیے فون میں ایچ ڈی آر کے ساتھ نائٹ موڈ آن کر کے تصاویر بنائیں۔اس کے علاوہ چونکہ آپ یہ بھی جانتے ہوں گے کہ ایچ ڈی آر کے لیے ضروری ہے کہ کیمرا دوران تصویر ساکت رہے، اس لیے اچھا نتیجہ حاصل کرنے کے لیے فوٹوگرافی کے دوران فون کو بالکل بھی حرکت نہ دیں۔ اگر ہو سکے تو ٹرائی پوڈ استعمال کریں۔

فلیش کب استعمال کریں؟

موبائل فون کیمروں کے فلیش حیران کن طور پر عمدہ نتائج کے حامل ہیں تاہم یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ فلیش کی ایک محدود رینج ہے۔ اگر آپ قریب میں اپنی یا دوستوں کی تصویر اُتار رہے ہیں تو فلیش ٹھیک ہے لیکن درمیانی و انتہائی دُوری پر فوٹوگرافی کے دوران فلیش کے بغیر تصویر کھینچیں کیونکہ دُور کی تصویر کھینچنے میں کیمرہ فلیش موڈ پر سیٹ ہو کر دُور کی شے کو فوکس نہیں کر پائے گا۔

کیمرے میں موجود ایچ ڈی آر کیا ہے اور اسے کیسے استعمال کریں؟

اس لیے رات میں یا کم روشنی میں فوٹوگرافی کرتے ہوئے فوراً فلیش لائٹ کو آن مت کریں بلکہ پہلے آپ جس کی تصویر بنانا چاہتے ہیں اس کی اور فون کے کیمرے کی دُوری کا ضرور اندازا لگا لیں۔آسان الفاظ میں یوں سمجھیں کہ فلیش کے ذریعے اتنے دُور کی تصویر مت بنائیں کہ فلیش اس تک اپنی روشنی ہی نہ پہنچا پائے۔ اس طرح فلیش سے درست نتائج حاصل نہیں ہو پائیں گے اور فون کی بیٹری بلاوجہ ضائع ہو گی۔

اگر آپ کم روشنی میں بھی اچھی تصاویر ہر حال میں حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کیمرے کی ننھی منی فلیش کی بجائے الگ سے تیز فلیش لائٹ حاصل کریں اور اسے فون کے ساتھ استعمال کریں۔ آج کل کئی ایسی فلیش لائٹس باآسانی اور سستے داموں دستیاب ہیں۔

فون میں ایک ساتھ دو کیمروں کے بارے میں اہم باتیں جانیں

زوم مت کریں

موبائل فونز میں دن کے وقت بھی زوم اتنا اچھا رزلٹ نہیں دیتا اور تصویر کو دھندلا کردیتاہے۔ دراصل موبائل فونز میں زوم کرنا ایسے ہی ہے جیسے کسی تصویر کو Crop کرتے ہوئے چھوٹا کرنا۔ جبکہ یہ کام آپ بغیر زوم کیے تصویر بنانے کے بعد کمپیوٹر پر اچھے سافٹ ویئر کی مدد سے زیادہ بہتر انداز میں کرسکتے ہیں لہٰذا رات کو فوٹوگرافی کے دوران تو بالکل بھی زوم کا استعمال نہ کریں وگرنہ دھندلی تصاویر کے لیے تیار رہیں۔

تصویر ایڈٹ کریں

کیمرے میں موجود ایپلی کشن تصویر کھینچنے سے پہلے ہی اس کو دیدہ زیب بنانے کی دعوت دیتی ہیں کہ اس کا فریم لگائیں، کوئی ایموجی لگائیں وغیرہ لیکن ہمارا مشورہ یہ ہے کہ یہ سب کام فوٹوگرافی کے بعد کیے جائیں۔ تصویر پر ایسی چیزیں پہلے لگانے سے کیمرہ کا فوکس یعنی توجہ بٹ جاتی ہے جس سے وہ اچھی تصویر کھینچنے سے قاصر ہو جاتا ہے جبکہ آپ یہ سارے کام تصویر کھینچنے کے بعد باآسانی اور اچھے سافٹ ویئر کی مدد سے بہتر انداز میں کرسکتے ہیں۔

ایپ اسٹور پر آپ دیکھیں تو کئی فوٹو ایڈیٹنگ ایپلی کیشنز دستیاب ہیں۔ ان میں سے اچھی شہرت رکھنے والی کسی ایپ کو استعمال کرتے ہوئے چند منٹوں میں آپ اپنی تصویر کو لاجواب بنا سکتے ہیں۔ ان کی مدد سے آپ تصویر پر کوئی فلٹر یا ایفیکٹ استعمال کرتے ہوئے اسے خوبصورت بنا سکتے ہیں اور چاہیں تو اسے Crop کرتے ہوئے تصویر سے فالتو حصے کو الگ بھی کر سکتے ہیں۔اس حوالے سے گوگل کی فوٹو ایڈیٹنگ ایپ ’’اسنیپ سیڈ‘‘ (Snapseed) آئی و ایس اور اینڈروئیڈ دونوں صارفین کے لیے بالکل مفت دستیاب ہے۔

https://play.google.com/store/apps/details?id=com.niksoftware.snapseed&hl=en

https://itunes.apple.com/us/app/snapseed/id439438619

کیمرا ایپ استعمال کریں

اگر آپ کا فون آپ کے معیار کے مطابق تصاویر بنانے سے قاصر ہے تو فون میں پہلے سے موجود اس کی ایپ کو چھوڑ کر کوئی دوسری کیمرا ایپ استعمال کریں۔ دراصل قصور فون کے کیمرے کا نہیں ہوتا بلکہ اُس ایپلی کیشن کا ہوتا ہے جو کافی عرصے سے اپ ڈیٹ بھی نہیں ہوئی ہوتی۔

اگر آپ کے فون میں نائٹ موڈ یا کم روشنی میں تصاویر بنانے کے حوالے سے کوئی آپشن موجود نہیں تو ہر حال میں کوئی دوسری کیمرا ایپ جیسے کہ Camera360، Camera Zoom FX، Camera FV-5 یا A Better Cameraوغیرہ استعمال کریں۔ ان کےعلاوہ بھی آپ کوئی اپنی پسند کی ایپ منتخب کر سکتے ہیں۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 124 میں شائع ہوئی

Comments are closed.