ایپ ڈاؤن لوڈز اور آمدنی ریکارڈ بلندیوں پر

2017ء کی تیسری سہ ماہی نے ایپ مارکیٹ کو مزید بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔ ڈاؤن لوڈز اور آمدنی دونوں نے نئے ریکارڈ قائم کردیے ہیں۔

یہ رحجان ایپل کے ایپ اسٹور اور گوگل پلے جیسے دونوں بڑے اسٹورز میں نظر آیا جہاں عالمی ڈاؤنلوڈز تقریباً 26 ارب تک پہنچے ہیں۔ یہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں کیے گئے ڈاؤنلوڈز کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔ یاد رہے اس میں ری انسٹال یا اپڈیٹس شامل نہیں ہیں، صرف اور صرف نئے ڈاؤنلوڈز کو شمار کیا گیا ہے۔ یعنی ان اعداد و شمار سے ایپ مارکیٹ کی حقیقی ترقی ظاہر ہوتی ہے۔ صرف ڈاؤنلوڈز ہی نہیں بلکہ آمدنی میں بھی پچھلے تمام ریکارڈز ٹوٹ چکے ہیں جو لگ بھگ 17 ارب ڈالرز تک جا پہنچی ہے۔

ڈاؤنلوڈز کا بڑا حصہ ابھرتی ہوئی مارکیٹوں سے آیا ہے، جہاں اب بھی اسمارٹ فونز کا نفوذ کم ہے یعنی کچھ عرصے تک ہمیں دنیا بھر میں ڈاؤنلوڈز میں اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔ خاص طور پر گوگل پلے پر، جو ابھرتی ہوئی مارکیٹوں پر راج کرتا نظر آ رہا ہے اور اس میں سب سے آگے بھارت ہے۔ جہاں گزشتہ سال کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں تقریباً دوگنے ایپ ڈاؤنلوڈز ہوئے۔ دیگر جنوب مشرقی ایشیائی اقوام، بالخصوص ویت نام اور انڈونیشیا میں، نے بھی گوگل پلے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا ۔ دونوں 10 فیصد سے زیادہ اضافے کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور چوتھے نمبر پر رہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

دنیا بھر میں گوگل پلے اسٹور کے ڈاؤنلوڈز میں گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 10 فیصد جبکہ آئی او ایس میں 8 فیصد اضافہ دیکھا گیا ۔ آئی او ایس میں بڑا حصہ چین کا تھا جس کے بعد امریکا اور سعودی عرب کے نام ہیں۔

ڈاؤنلوڈز کے ساتھ ساتھ صارفین کے خرچ کرنے کے رحجان میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ۔ تیسری سہ ماہی میں آئی او ایس اور گوگل پلے کی ایپس پر مجموعی طور پر 17 ارب ڈالرز خرچ کیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 28 فیصد اضافہ ہے ۔ آمدنی میں آئی او ایس ایپ سب سے آگے دکھائی دیا بلکہ وہاں خرچ کی گئی رقم گوگل پلے سے دوگنی ہے ۔ یہاں بھی چین سب سے اہم عنصر رہا جو صارفین کے خرچ کرنے کے رحجان میں بھی سب سے بڑی مارکیٹ رہا ۔ جنوبی کوریا بھی اپنی بہترین درجہ بندی چوتھے نمبر پر آ چکا ہے اور مارکیٹ شیئر میں اضافے کے حساب سے دوسری سب سے بڑی مارکیٹ رہا ۔

تیسری سہ ماہی میں تفریحی ایپس بالخصوص وڈیو اسٹریمنگ کی ایپس سب سے نمایاں رہیں۔ اس زمرے میں صارفین کے خرچ کرنے کے رحجان میں گزشتہ سال کے مقابلے میں آئی او ایس پر 30 فیصد اور گوگل پلے میں 45 فیصد تک دیکھا گیا۔

رپورٹ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ ایپس آج بھی صارفین کا سب سے زیادہ وقت اور توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ اس سہ ماہی میں ایپس پر گزارے گئے وقت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا جو اب 325 ارب گھنٹے ہو چکا ہے۔ اندازہ ہے کہ 2021ء تک عالمی ڈاؤنلوڈز تقریباً 240 ارب تک پہنچ جائے گا جبکہ صارفین 100 ارب ڈالرز خرچ کریں گے۔

Comments are closed.