اینڈروئیڈ اسمارٹ فون کو فالتو فائلوں سے پاک کرنے کے لئے ایواسٹ کی مفت ایپلی کیشن

761

Avast-GrimeFighter android-01جب ہم نیا اسمارٹ فون خریدتے ہیں تو ابتدائی دنوں میں اس کی رفتار لاجواب ہوتی ہے۔ چند ماہ استعمال کے بعد اس کی حالت ایسی ہو جاتی ہے جیسے یہ وہ فون ہی نہیں۔ یہ کسی ہارڈویئر مسئلے کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے لیکن نوے فیصد امکان اس بات کے ہوتے ہیں کہ اس پر جمع ہونے والے کچرے نے اسے سست و کاہل بنا دیا ہے۔ اسٹوریج میڈیا میں دن بدن بڑھتے ڈیٹا اور ایپلی کیشن کی فالتو و کیشے فائلز فون کی رفتاری میں کمی کا باعث بنتی ہیں۔ جس کی وجہ سے ایپلی کیشن کھلنے اور چلنے میں دیر لگانا شروع کر دیتی ہیں۔

ہمیں کمپیوٹنگ کے فیس بک صفحے پر اکثر لوگ بتاتے ہیں کہ ان کے اسمارٹ فون میں اسپیس ختم ہو چکی ہے، حالانکہ وہ کچھ ایپلی کیشنز وغیرہ اَن انسٹال بھی کر دیتے ہیں لیکن افاقہ نہیں پڑتا۔ ایسی صورت حال میں ایک کلینر ایپلی کیشن درکار ہوتی ہیں۔ گوگل پلے اسٹور پر دیکھیں تو اس حوالے سے کئی ایپلی کیشنز موجود ہیں جیسے کہ ’’کلین ماسٹر‘‘ ایپ، جس کے بارےمیں ہم کچھ ماہ پہلے کمپیوٹنگ میں شائع کر چکے ہیں۔ اس طرح کی کئی ایپس دستیاب ہیں جن کا تجزیہ کرنے کے بعد خاص کر اسے استعمال کرنے والوں کے تبصرے پڑھنے کے بعد ان میں سے آپ جو چاہیں استعمال کر سکتے ہیں۔ اس حوالے آئیے آپ کو ایک عدد اور ایپلی کیشن سے متعارف کرواتے ہیں۔

ایک سست پڑتے فون کے لیے اینٹی وائرس بنانے والی معروف کمپنی AVAST کی ایپلی کیشن GrimeFighter  استعمال کی جا سکتی ہے۔ گرائم فائٹر اسمارٹ فون میں جمع ہونے والی فالتو اور کیشے فائلز کو حذف کر کے اس کی رفتار کو بہتر بنانے کی کوشش کرتی ہے۔
گوگل پلے اسٹور سے انسٹال کرنے کے لیے درج ذیل ربط پر جائیں:

انسٹال کریں

Avast-GrimeFighter android-03گرائم فائٹر ایپلی کیشن فون سے فالتو فائلز ٹھکانے لگاتے ہوئے خیال رکھتی ہے کہ آپ کے فون میں کسی قسم کی خرابی پیدا نہ ہو۔ اگرچہ یہ Safe clean کا آپشن بھی دیتی ہے لیکن اس کی ضرورت نہیں ، کیونکہ ایپلی کیشن پر بھروسا کیا جا سکتا ہے۔

سیف کلین کے علاوہ یہ مکمل کنفگریشن کا آپشن بھی دیتی ہے جس میں آپ ’’ایڈوانسڈ کلیننگ‘‘ میں صفائی کے لیے ایپلی کیشنز، ایپ ڈیٹا، صارف کی فائلز، میڈیا فائلز، ڈاؤن لوڈڈ فائلز وغیرہ صفائی کے لیے منتخب کر سکتے ہیں۔ سسٹم اسٹوریج میں خالی اسپیس بنانے کے لیے اس میں ’’ٹرانسفر ٹو کلاؤڈ‘‘ کا آپشن بھی موجود ہے جس کے ذریعے فائلز کو کلاؤڈ اسٹوریج پر منتقل کر کے فون میں خالی اسپیس بنائی جا سکتی ہے۔