بلیک بیری کی اینڈروئیڈ اسمارٹ فون کے ساتھ میدان میں واپسی

کچھ ہی دن پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بلیک بیری اب فون خود نہیں بنائے گی۔ یعنی بلیک بیری فون تو آئیں گے لیکن ان کا ہارڈویئر بلیک بیری کا تیار کردہ نہیں ہو گا۔

اس سلسلے میں اچھی پیش رفت یہ ہے کہ بلیک بیری نے اس کام کے لیے زیادہ وقت نہیں لیا اور اپنے نئے اسمارٹ فون DTEK60 کا اعلان کر دیا ہے۔

DTEK60 فون کا ہارڈویئر تیار کرنے کے لیے بلیک بیری نے TCL کا تعاون حاصل کیا ہے جب کہ آپریٹنگ سسٹم کی مد میں اینڈروئیڈ کے تازہ ترین ورژن اینڈروئیڈ نوگٹ کو استعمال کیا ہے۔

DTEK60 کو پیش کرتے ہوئے بلیک بیری نے اپنی محفوظ اسمارٹ فون پیش کرنے کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ بلیک بیری کے مطابق صارفین چاہے وہ کاروباری لوگ ہوں یا غیر کاروباری، ان کے ڈیٹا اور پرائیویسی کو محفوظ اور برقرار رکھنا ان کی پہلی ترجیح ہو گی، اس حوالے سے بلیک بیری کی خصوصی تیار کردہ ایپلی کیشن بھی اس فون میں پہلے سے موجود ہو گی۔

DTEK60 اسمارٹ فون 5.5 انچ کی QHD اسکرین کا حامل ہے، اس میں اسنیپ ڈریگن 820 پروسیسر، 4 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج موجود ہے، اس کے علاوہ 2TB تک کے ایس ڈی کارڈ کی سپورٹ بھی موجود ہے  جبکہ فون کو چوبیس گھنٹے کارآمد بنانے کے لیے 3000 ایم اے ایچ کی بیٹری بھی دستیاب ہے۔ کیمرے کے معاملے میں بھی کنجوسی سے کام نہیں لیا گیا اس لیے اس کی پچھلی جانب 21 جبکہ سامنے کی جانب 8 میگا پکسلز کا کیمرہ موجود ہے۔

بلیک بیری کی ویب سائٹ پر یہ فون 499 امریکی ڈالر کی قیمت میں فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے اور 8 نومبر سے پہلے اسے خریدنے والوں کو ایک عدد کور اور فون کو تیزی سے چارج کرنے والا خصوصی چارجر بھی مفت دیا جائے گا۔

Comments are closed.