کیا آپ کی غیر موجودگی میں کسی نے کمپیوٹر چلایا؟

سوال:

کیا ایسا کوئی طریقہ ہے جس کے ذریعے میں جان سکوں کہ آیا میری غیر موجودگی میں کسی نے میرا لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر چلایا تھا کہ نہیں۔ اور اگر یہ بھی پتا چل سکے کہ کتنی دیر تک چلایا تھا تو بہت اچھا ہوگا۔

جواب:

جی ہاں، بغیر کسی تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر کے اس بات کا پتا چلایا جاسکتاہے کہ آپ کی غیر موجودگی میں کسی نے لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر آن /اسٹارٹ کیا تھا یا نہیں۔ نیز، یہ بھی پتا لگایا جاسکتا ہے کہ اسے کتنی دیر تک استعمال میں رکھا گیا۔ سب سے آسان طریقہ تو یہ ہے کہ آپ انٹرنیٹ ایکسپلورر یا کمپیوٹر میں نصب کسی دوسرے ویب براؤزر کو کھول کر اس کی ہسٹری چیک کریں۔ اگر آپ کی غیر موجودگی میں کمپیوٹر پر انٹرنیٹ استعمال کیا گیا ہے تو ہسٹری میں کچھ معلومات موجود ہوسکتی ہے۔ لیکن یہ طریقہ صرف اسی وقت کارگر ہے جب کمپیوٹر کے ساتھ انٹرنیٹ بھی استعمال کیا گیا ہو اور استعمال کرنے والا اتنا شاطر نہ ہو کہ اس نے ہسٹری صاف کردی ہو۔ تھوڑا پیچیدہ لیکن کافی حد تک کارگر طریقہ Event Viewer کی جانچ ہے۔ کنٹرول پینل

EventViewer_webمیں Administrative Tools پر ڈبل کلک کریں اور وہاں موجود Event Viewer کے آئی کن پر ڈبل کلک کریں۔ آپ کے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ میں ہونے والی ہر اہم سرگرمی جس کا تعلق آپریٹنگ سسٹم یا کمپیوٹر ہارڈویئر سے ہے، مائیکروسافٹ ونڈوز اس کا ریکارڈ رکھتی ہے۔ یہ ریکارڈ ایونٹ ویور کے ذریعے ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔ ایونٹ ویور میں بائیں جانب موجود فہرست میں سے Windows Logsکے تحت موجود Systemپر کلک کریں۔ دائیں جانب واقعات یا ایونٹس کی ایک طویل فہرست ظاہر ہوجائے گی۔ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ جب بوٹ کیا جاتا ہے تو ونڈوز کی درجنوں سروسز بھی چلتی ہیں۔ ان میں سے ایک سروس Event Viewer کی بھی ہے۔ ہم اگر یہ پتا لگا لیں کہ ایونٹ ویور کی سروس کب چلی، ہم یہ بتا سکتے ہیں کہ کمپیوٹر کب چلایا گیا۔ لہٰذا ایونٹ ویور میں دائیں جانب Actions میں موجود Filter Current Logپر کلک کریں۔ جو نئی ونڈو کھلے، اس میں All Event IDs کی جگہ پر 6005 لکھیں اور OKکے بٹن پر کلک کردیں۔ ایونٹ ویور میں اب صرف ایسے ایونٹ ظاہر ہونگے جن کی آئی ڈی6005 ہے۔ یہ آئی ڈی دراصل Event Viewer کی سروس اسٹارٹ ہونے سے متعلق ہے۔ اب آپ یہ غور کیجئے کہ کیا آپ کی غیر موجودگی کے وقت کوئی ایونٹ بنا؟ اگر ہاں، تو جس وقت یہ ایونٹ بنا، وہ وقت نوٹ کرلیں کیونکہ یہی وہ وقت ہے جب کمپیوٹر کو بوٹ کیا گیا۔

اب دوبارہ Filter Current Logپر کلک کریں اور اب کی بار ایونٹ آئی ڈی میں 6006لکھیں۔ یہ ایونٹ آئی ڈی ایونٹ سروس کے شٹ ڈاؤن یا بند ہونے سے متعلق ہے۔ یہ سروس اس وقت شٹ ڈاؤن ہوتی ہے جب کمپیوٹر کو شٹ ڈاؤن کیا جاتا ہے۔ فلٹر لگانے کے بعد جو ایونٹس آپ کو دِکھائی دیں، ان میں سے آپ اپنی غیر موجودگی میں پیش آنے والا ایونٹ تلاش کریں۔ یوں آپ بہ آسانی پتا چلا سکتے ہیں کہ کمپیوٹر کو کب چلایا گیا اور کب بند کیا گیا۔

ایک تبصرہ
  1. ملک بلال says

    تھوڑا سا اضافہ اور کر دیں اگر 6005 اور 6006 اکٹھا لکھ دیں درمیان میں کاما ڈال کر یعنی 6005،6006 تو سسٹم کے آن آف ہونے کی فہرست اکٹھی اور ترتیب سے ظاہر ہو جائے گی 🙂

Comments are closed.