کیا وٹس ایپ اسکرین شاٹ لینے پر صارف کو مطلع کرنے کا فیچر متعارف کرانے والی ہے

وٹس ایپ اس قدر مقبول ایپلی کیشن ہے کہ اس کے حوالے سے آنے والی ہر خبر انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے اور اس کے صارفین اس کی خبر کو ضرور دیکھتے ہیں۔ اسی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اکثر وٹس ایپ صارفین کو دھوکا دینے کی کوشش کی جاتی ہے، اس حوالے سے کئی دفعہ وٹس ایپ میں کسی نئے اور انوکھے فیچر کی خبر دے کر صارفین کی توجہ حاصل کی جاتی ہے۔
کچھ ہی دن پہلے وٹس ایپ صارفین کو یہ جھوٹی خبر دی گئی تھی کہ وٹس ایپ عنقریب آپ کو بغیر وائی فائی اور موبائل ڈیٹا کے مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، لیکن یہ خبر بالکل جھوٹی ثابت ہوئی۔ اسی طرح اب وٹس ایپ کا ایک انتہائی حساس فیچر بتا کر لوگوں کو بے وقوف بنایا گیا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بعض ویب سائٹس پر یہ خبر شائع کی گئی ہے کہ وٹس ایپ میں جب کوئی کسی کی بات چیت کا اسکرین شاٹ لے گا تو اُسے پیغام کے ذریعے اس حرکت کی فوراً اطلاع مل جائے گی اور یہ فیچر 5 فروری کو لانچ کیا جا رہا ہے۔ یہ ایک حساس پہلو ہے، اکثر لوگ دوسروں سے کی گئی باتوں کا اسکرین شاٹ لیتے رہتے ہیں، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ اس بات کی کسی کو خبر نہ ہو۔ اس لیے اس تازہ فیچر کی آمد نے فوراً ان کی توجہ حاصل کر لی۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اس میں مزید بتایا گیا کہ یہ نظام بالکل نیلی ڈبل ٹِک کی طرح کام کرے گا کہ اگر آپ اس فیچر کو ڈس ایبل کر دیں کہ کوئی آپ کی باتوں کا اسکرین شاٹ نہ لے سکے تو آپ بھی کسی کی باتوں کا اسکرین شاٹ نہیں لے پائیں گے۔

تاہم یہ تمام باتیں بالکل جھوٹ ہیں، وٹس ایپ میں ایسا کوئی فیچر موجود نہیں اور نہ ہی مستقبل قریب میں ایسا کوئی فیچر آنے کی امید ہے۔ اس لیے کسی بھی غیر مستند ذریعے سے آئی خبر پر توجہ مت دیں۔

Comments are closed.