آئی فون پر کچھ بھی ڈیلیٹ کیے بغیر باآسانی خالی اسپیس حاصل کریں

آئی فون کے نئے ماڈلز جیسے کہ سیون اور سیون پلس میں اب صارفین 256 جی بی تک کی بڑی اسٹوریج حاصل کر سکتے ہیں۔ لیکن بڑی اسٹوریج کے بدلے میں قیمت بھی بڑی ادا کرنا پڑتی ہے۔ اگر آپ کے پاس آئی فون کا پرانا ماڈل موجود ہے تو یقیناً آپ اس پر اسٹوریج کی کمی کا شکار رہتے ہوں گے کیونکہ آئی فون ایکسٹرنل اسٹوریج جیسے کہ ایس ڈی کارڈ کی سپورٹ بھی فراہم نہیں کرتا۔

 

آئی فون کے ساتھ ایک اور بڑا مسئلہ اس میں کلین اپ جیسے کسی آپشن کا موجود نہ ہونا بھی ہے۔ اس طرح آئی فون صارفین جو کہ سولہ یا بتیس جی بی ماڈلز استعمال کرتے ہیں وہ اسپیس خالی کرنے کے لیے مجبوراً اپنی میڈیا فائلز جیسے کہ تصاویر اور وڈیوز وغیرہ کو ڈیلیٹ کر دیتے ہیں یا پھر ایپلی کیشنز و گیمز کو اَن انسٹال کر دیتے ہیں۔آئیے آپ کو ایک دلچسپ طریقہ بتاتے ہیں جسے استعمال کرتے ہوئے آپ باآسانی آئی فون پر خالی اسپیس حاصل کر سکتے ہیں۔

اس کے لیے سیدھا ایپ اسٹور پر جائیں اور کوئی انتہائی بڑے سائز کی ایپ یا گیم ڈاؤن لوڈ کرنا شروع کر دیں۔کوشش کریں کہ ایپ کا سائز ایک جی بی سے بھی زیادہ ہو۔ آپ دیکھیں گے کہ آئی فون فوراً ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا شروع کر دے گا چاہے اس میں درکار اسپیس موجود نہ بھی ہو۔ آپ کو یہ دیکھ کر مزید حیرت ہو گی کہ اسپیس کے موجود نہ ہونے کے باوجود وہ ایپ ڈاؤن لوڈ ہو جائے گی۔ دراصل اس کے پیچھے راز یہ ہے کہ آئی فون نئی ایپس کے لیے خود جگہ بنا لیتا ہے۔ یہ پہلے سے انسٹال شدہ ایپس کی ڈیٹا فائلز اور کیشے کو خود بخود صاف کر دیتا ہے تاکہ نئی ایپ کے لیے جگہ بنائی جا سکے۔

اب جب یہ نئی ایپ انسٹال ہو جائے تو چونکہ اس کی ہمیں ضرورت نہیں تو اب اس کو اَن انسٹال کر دیں تو اس کی گھیری ہوئی اسپیس فون میں خالی ہو جائے گی۔چونکہ آئی فون میں ایپس کی جمع ہو جانے والی کیشے فائلز کو صاف کرنے کا کوئی مینوئل انتظام فراہم نہیں کیا گیا اس لیے اس ٹپ کو آزماتے ہوئے آپ باآسانی یہ کام انجام دے کر خالی اسپیس حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 124 میں شائع ہوئی

اس ٹپ کو آزمانے سے پہلے آپ اسٹوریج اینڈ آئی کلاؤڈ یوزیج کی سیٹنگز میں جا کر خالی اور استعمال شدہ اسپیس کی تفصیلات جان سکتے ہیں۔ اگر آپ آئی فون پر اسپیس کی کمی کا شکار ہیں تو اس حوالے ایک بہترین پروگرام بھی مفت دستیاب ہے جس کی تفصیل آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں:

آئی فون سے فالتو فائلز حذف کر کے خالی اسپیس حاصل کریں

ایک تبصرہ
  1. Aslam Laasi says

    Nice app

Comments are closed.