گوگل کی نئی پیش کش، آپ اردو بولیں، ٹائپنگ خود ہوجائے گی

اردو زبان بولنے والوں کے لیے گوگل کی جانب سے ایک بہت خوشی کی خبر، اب گوگل آپ کے اردو زبان میں بولے جملوں کو سمجھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ گوگل کی مدد سے اپنے اینڈروئیڈ فون اور کمپیوٹر (فی الحال گوگل کروم ) کو اردو میں ہدایات بھی دے سکتے ہیں اور بول کر ٹائپنگ بھی کرسکتے ہیں۔ یہ ایک ایسی صلاحیت ہے جس کا برسوں سے انتظار کیا جارہا تھا۔

انگلش زبان میں بول کر کمپیوٹر اور اسمارٹ فون کو ہدایات دینے اور ٹائپنگ کرنے کی صلاحیت برسوں سے موجود ہے۔ لیکن اردو جیسی پیچیدہ زبان کے لیے یہ سہولت میسر نہیں تھی۔ مقامی طور پر کچھ اداروں اور محققین نے اردو اسپیچ ریکگنائزر بنانے کی نیم کوشش ضرور کی لیکن یہ خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ ماضی کی طرح اس بار ایک بین الاقوامی کمپنی کی بدولت اردو دان طبقے کو یہ سہولت میسر آسکی ہے۔ اس سے پہلے گوگل اردو او سی آر (یعنی تصاویر میں سے اردو شناخت کرنا یا اخذ کرنا ) بھی پیش کرچکا ہے۔

کمپنی نے اس حوالے سے اعلان اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں کیا ہے۔ اس پوسٹ جس کا عنوان Type less, talk more ہے،کے مطابق کمپنی نے 119 مختلف زبانوں کے لیے وائس ٹائپنگ کی سہولت پیش کردی ہے جس سے دنیا بھر میں ایک ارب سے زیادہ لوگ مستفید ہوسکیں گے۔ ٹائپنگ کے بجائے وائس ٹائپنگ سے صارفین اپنا بہت سے وقت بچا سکیں گے۔ تاہم یہ بات بھی قابل غور ہے کہ بہت سے صارفین عوامی مقامات پر وائس ٹائپنگ کا استعمال کرنے میں شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔ نیز پس منظر میں موجود غیر ضروری آوازوں کی وجہ سے وائس ٹائپنگ کی سہولت صحیح سے کام نہیں کر پاتی اور صارفین کو بعض اوقات حقیقتاً چیخنا پڑتا ہے۔

اگرچہ بہت سے زبانوں کے لیے وائس ٹائپنگ کی سہولت پہلے سے ہی گوگل نے فراہم کی ہے، تاہم اب 30 نئی زبانوں بشمول اردو ، بنگالی ، گجراتی اور تامل کے لیے بھی یہ سہولت پیش کردی گئی ہے۔ گوگل کے مطابق ہر زبان میں بولے گئے جملے کا نمونہ ایسے لوگوں سے حاصل کیا گیا ہے جن کی مادری زبان بھی وہی ہے۔ پھر گوگل کے مشین لرننگ ماڈل کی مدد سے ان نمونوں ک تجزیہ کرکے گوگل وائس ٹائپنگ کو وہ زبان سمجھنے کی قابل بنایا گیا۔

گوگل پر اردو وائس ٹائپنگ کی سہولت حاصل کرنے کے لیے پلے اسٹور سے گوگل بورڈ (Gboard) انسٹال کیجیے اور اس کی سیٹنگز میں اردو زبان کو منتخب کریں۔ اس کے بعد جہاں دل چاہے وہ کی بورڈ پر مائیک کے آئی کن پر ٹیپ کریں اور اردو بولیں۔ گوگل آپ کے بولے جملوں کو خود ٹائپ کردے گا۔

5 تبصرے
  1. Shariq Ansari says

    Kiya baat hai maza aagya…. bohot zabardast kam kar rahi hai ye sahulat

  2. فاروق احمد says

    How Google OCR Urdu

  3. Waqas Ali says

    یہ رومن اردو لکھے گا یہ اصل اردو رسم الخط میں

  4. انس نضر says

    واہ بہت زبردست یہ میں گوگل کیبورڈ سے ہی بول کر ٹائپ کر رہا ہوں مزا آ گیا

  5. Nasir Mumtaz says

    Yeh toh sirf Roman mein likhta hai۔
    Urdu font me nahi likhe ga۔
    Mujhe iska jawab chahiye۔
    Shukriya۔

Comments are closed.