وٹس ایپ میں دریافت ہونے والی نئی سکیوریٹی خامی سے کیسے بچیں؟

جب سے وٹس ایپ میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا آغاز ہوا وٹس ایپ صارفین نے سُکھ کا سانس لیا کہ اب ان کی بات چیت ہمیشہ محفوظ رہے گی۔ اس انکرپشن کی بدولت پیغام بھیجنے اور وصول کرنے کے علاوہ کوئی اس پیغام کو پڑھ یا دیکھ نہیں سکتا حتیٰ کہ وٹس ایپ انتظامیہ بھی نہیں۔ لیکن حال ہی میں ایک آن لائن سکیوریٹی ماہر نے دعویٰ کہ ہے وٹس ایپ میں بدستور ایک چور راستہ موجود ہے جس کی وجہ سے کسی کے بھی پیغامات تک پہنچا جا سکتا ہے۔

 
ویب سائٹس اور پروگرامز میں اکثر سکیوریٹی خامیاں دریافت ہوتی رہتی ہیں جنھیں بیک ڈور کہتے ہیں جسے استعمال کرتے ہوئے ہیکرز چوری کر کے نکل جاتے ہیں۔ وٹس ایپ کا یہ نیا بیک ڈور کرپٹو گرافی اور سکیوریٹی ریسرچر Tobias Boelter نے دریافت کیا ہے جو کہ یونی ورسٹی آف کیلی فورنیا، بارکلے سے تعلق رکھتے ہیں۔ انھوں نے معروف اشاعتی ادارے دی گارڈین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومتی ادارے وٹس ایپ سے کسی گفتگو کا ریکارڈ مانگتے ہیں تو انکرپڈ کیز میں تبدیلی کر کے اس گفتگو کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یہی نہیں ان کا کہنا تھا وٹس ایپ کی مالک کمپنی فیس بک کے علاوہ دیگر لوگ بھی یہ حربہ استعمال کرتے ہوئے دوسروں کی گفتگو تک پہنچ سکتے ہیں۔


دراصل ہر وٹس ایپ گفتگو کے لیے ایک خاص انکرپٹڈ key استعمال کی جاتی ہے اس لیے اگر اس گفتگو کی یہ چابی بدل دی جائے تو ظاہر ہے اسے غلط چابی سے بھی کھولا جا سکتا ہے۔ تاہم فیس بک نے ان تمام دعوؤں کو بھرپور طریقے سے رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وٹس ایپ میں ایسی کوئی خامی موجود نہیں اور ان کے صارفین کی تمام گفتگو بالکل محفوظ ہے اسے کسی بھی طرح سے ہیک نہیں کیا جاسکتا۔

اکثر لوگوں نے یہ بھی کہنا شروع کر دیا ہے کہ شاید فیس بک نے جان بوجھ کر یہ پچھلا دروازہ کھلا رکھا ہے تاکہ حکومتی اداروں کی بھی مدد کی جا سکے۔ اگر آپ اس حوالے سے تشویش مند ہیں تو وٹس ایپ میں یہ آپشن موجود ہے کہ آپ کو سکیوریٹی نوٹی فکیشن کے ذریعے آگاہ رکھے۔ اس کے لیے آپ وٹس ایپ کی سیٹنگز میں سے سکیوریٹی کے اندر موجود ’’شو سکیوریٹی نوٹی فکیشنز‘‘ کو فعال کر سکتے ہیں۔ اس طرح کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کے نتیجے میں آپ کو فوراً آگاہ کر دیا جائے گا۔

Comments are closed.