بغیر کسی سافٹ ویئر کے یوٹیوب وڈیو کی اینیمیٹڈ جف بنائیں

اینیمیٹڈ تصاویر جنھیں ہم جف (Gif) کہتے ہیں آج کل بہت پسند کی جاتی ہیں۔ مختصر سی یہ ہلتی جلتی تصاویر چند سیکنڈز میں پوری کہانی کا خلاصہ بیان کر سکتی ہیں۔ ہمارے ہاں اکثر لوگ انھیں جف کی بجائے گف کہتے ہیں لیکن یہ غلط ہے، اس کا اصل تلفظ جِف ہے۔ اگر آپ بھی کسی یوٹیوب پر موجود وڈیو کے کسی منظر کو جِف میں بدلنا چاہتے ہیں تو یہ کام بغیر کسی سافٹ ویئر کے کر سکتے ہیں۔

 

جف یوٹیوب

یہ بہت ہی آسان ہے، سب سے پہلے یوٹیوب پر اپنی پسند کی وڈیو کھول لیں، اس کے بعد اس یوآریل میں youtube سے پہلے gif لکھ کر انٹر پریس کر دیں۔

آپ خود بخود جِف بنانے والی ویب سائٹ پر پہنچ جائیں گے۔ اس کے بعد یہاں موجود سلائیڈر کی مدد سے وہ جگہ منتخب کریں جسے آپ جِف بنانا چاہتے ہیں۔ یقیناً آپ جانتے ہوں گے کہ جِف تصاویر صرف چند سیکنڈز پر مشتمل ہوتی ہیں، آپ کسی وڈیو کی مکمل جف نہیں بنا سکتے۔

اس کے بعد اوپر موجود Create Gif کے بٹن پر کلک کر دیں۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اگلے مرحلے پر آپ جِف کا نام اور ٹیگز وغیرہ منتخب کر سکتے ہیں، اگر اس میں دلچسپی نہیں رکھتے تو براہِ راست نیکسٹ پر کلک کر دیں۔

یوٹیوب ٹو جف

اگلے مرحلے پر آپ کی جف تیار ملے گی۔ آپ چاہیں تو اس کے براہِ راست ربط کے ذریعے اسے فیس بک وغیرہ پر شیئر کر سکتے ہیں اور چاہیں تو ڈاؤن لوڈ بھی کر سکتے ہیں۔

ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد آپ چاہیں تو اس تصویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کریں یا پھر دوستوں کو وٹس ایپ وغیرہ پر بھی بھیج سکتے ہیں۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی

Comments are closed.