جلد آ رہا ہے ہواوے کا نیا فلیگ شپ ‘میٹ 10’

جدید خصوصیات کا حامل اسمارٹ فون 16 اکتوبر کو جاری ہوگا

ہواوے دنیا میں اسمارٹ فون بنانے والا دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ادارہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ اگلے ماہ اس کے نئے فلیگ شپ کا سب کو انتظار ہے۔ تو انتظار کی گھڑیاں اب ختم ہونے والی ہیں کیونکہ ‘ہواوے میٹ 10’ کی آمد کا اعلان کردیا گیا۔ کئی جدید خصوصیات کا حامل یہ اسمارٹ فون 16 اکتوبر سے آ رہا ہے۔

گو کہ ادارے نے اب تک باضابطہ طور پر اس کی تفصیلات جاری نہیں کیں لیکن موبائل دنیا کی خبریں منظر عام پر لانے والے مشہور نام ایون بلاس کو ‘ہواوے میٹ 10 پرو’ کا جائزہ لینے کا موقع ملا ہے اور ہمیں اس کے بارے میں کافی کچھ پتہ چلا ہے۔

ہواوے میٹ 10 پرو ادارے کے پرانے فونز کے مقابلے میں کہیں مختلف ہوگا۔ اب سے پہلے تمام ہواوے فونز اوپر اور نیچے کی طرف واضح بیزل رکھتے تھے لیکن میٹ 10 پرو میں بیزل نہ ہونے کے برابر ہے۔ یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ اس کا ڈیزائن سام سنگ کے نئے نوٹ 8 اور ایل جی کے وی30 سے ملتا جلتا ہے۔

نئے فون میں پشت پر دو کیمرے نصب ہوں گے، جیسا کہ ہم ہواوے کے جدید فونز میں دیکھتے آ رہے ہیں۔ یہ دونوں کیمرے فون کی پشت پر فنگر پرنٹ سینسر کے عین اوپر عمودی صورت میں لگائے گئے ہیں۔ کیمرا لینس کی پٹی کا رنگ فون کے رنگ سے تھوڑا سا ہلکا ہے اس لیے ڈیوائس کو بڑی نئی صورت دے رہی ہے۔ کیمرا ماڈیول کو قریب سے دیکھنے پر پتہ چلتا ہے کہ یہ لیکا برانڈڈ کیمرا ہے جس میں سمیلکس ایچ لینس موجود ہے، یعنی ہواوے میٹ 10 پرو بھی ایل جی وی 30 کی طرح ایف/1.6 کا زبردست اپرچر رکھتا ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

کچھ باتیں اس نئی معلومات سے پہلے بھی ہمارے علم میں تھیں جیسا کہ میٹ10 کی تین اقسام جاری کی جائیں گی، ایک لائٹ، دوسرا ریگولر، جسے صرف میٹ 10 کہا جائے گا اور پھر سب سے مہنگا اور سب سے طاقتور میٹ 10 پرو ہوگا۔ بلاس کے مطابق پرو میں نیا کرن 970 چپ سیٹ اور 6 جی بی ریم ہوگی۔ اسٹوریج کے لیے 64 اور 128 جی بی کے آپشنز ہوں گے۔ 2880 ضرب 1440 ریزولیوشن رکھنے والی اسکرین کا سائز 5.99 انچ ہوگا۔ اس زبردست مشین کو چلانے کے لیے 4 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری بھی نصب ہوگی۔ پشت پر نصب دو کیمرے 12 اور 20 میگا پکسل کے ہوں گے جبکہ سیلفی کیم 8 میگا پکسل کا ہوگا۔

ہواوے نے ببانگ دہل کرن 970 کی مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کا اعلان کر رہا ہے، جس میں ایک مخصوص اے آئی چپ ہے، جسے ہواوے نیورل پروسیسنگ یونٹ (این پی یو) کہہ رہا ہے۔ اگر آپ فون کی تصویر کو قریب سے دیکھیں تو اسکرین پر “AI” لکھا ہوا بھی نظر آئے گا۔ ویسے کمپنی نے حال ہی میں اپنے ہواوے میٹ 10 کے اشتہار میں آئی فون 8 اور آئی فون ایکس کی اے آئی صلاحیتوں کا مذاق بھی اڑایا تھا۔

ہم کہہ سکتے ہیں کہ چند انتہائی بورنگ ڈیزائنوں کے بعد ہواوے نے کچھ منفرد چیز بنائی ہے۔ میٹ پرو ایک طاقتور فون ہوگا جس کی اسکرین دیگر اینڈرائیڈ فلیگ شپ فونز کی طرح خوبصورت لگتی ہے جبکہ منفرد بیک ڈیزائن اور رنگوں کا عجیب انتخاب بھی اسے دیگر فونز سے ممتاز کر رہا ہے۔

کافی تفصیلات ہوگئی ہیں، جو کچھ رہ گیا ہے وہ اب 16 اکتوبر کو پتہ چلے گا۔ دیکھتے ہیں ہواوے اس بار صارفین کو کیسے متاثر کرتا ہے۔

Comments are closed.