ڈیلی موشن اور پی ٹی سی ایل کے درمیان معاہدہ

فرانسیسی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ DailyMotion اور پاکستان کی سب سے بڑی انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنی پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے کے تحت پی ٹی سی ایل کے صارفین کو ڈیلی موشن پر موجود ویڈیوز دیکھنے کی بہتر سہولیت میسر آئیں گی۔

ڈیلی موشن ایک مقبول ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ہے اور دنیا بھر میں دیکھی جانے والی سو ویب سائٹس میں اس کا نمبر 31 واں ہے۔ ہر روز اس پر چھ کروڑ سے زائد ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں۔ پاکستان میں یوٹیوب کی بندش کے بعد اس ویب سائٹ نے زبردست مقبولیت حاصل کی ہے اور پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی دس ویب سائٹس میں ڈیلی موشن کا نمبر چھٹا ہے۔

پی ٹی سی ایل ممکنہ طور پر ڈیلی موشن کے لئے پاکستان میں ‘سی ڈی این – Content Delivery Network’ تشکیل دے گی جس سے پاکستان میں ڈیلی موشن کے ناظرین کو ویڈیوز پاکستان میں ہی موجود سرورز سے پیش کی جائیں گی۔ اس طرح پی ٹی سی ایل کے صارفین کو تیز ترین ویڈیو اسٹریمنگ حاصل ہوگی اور پی ٹی سی ایل کو بھی انٹرنیٹ بینڈ وڈتھ کی زبردست بچت ہوگی۔ یاد رہے کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ بینڈ وڈتھ کا ایک بڑا حصہ ویڈیو اسٹریمنگ پر ہی صرف ہوتا ہے۔

اس معاہدے کی وجہ سے ڈیلی موشن کسی بھی قابل اعتراض مواد کو پاکستان میں دکھانے سے بھی باز رہے گا۔ ساتھ ہی ڈیلی موشن نے جلد ہی نوجوانوں کے لئے ایک ویڈیو مقابلہ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

Comments are closed.