ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز چلیں گی اسمارٹ فون میں بھی

ونڈوز 10 کواس وعدے کے ساتھ بنایا گیا تھا کہ یہ تمام ڈیوائسز پر یکساں کام کرے گی تاہم فون یا چھوٹے ٹیبلٹ میں انسٹال ونڈوز10 میں روایتی ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشن کام نہیں کرتیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ شین جین(Shenzen) میں WinHEC کی تقریب میں مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشن اب ARM پروسیسر پر بھی کام کریں گے۔چونکہ اب زیادہ تر اسمارٹ فونز میں  ARM پروسیسر ہی استعمال ہوتے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشن تمام موبائل ڈیوائسز پر کام کریں گی۔ مائیکروسافٹ نے اس حوالےسے کوالکوم سے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا ہے۔

 
مائیکروسافٹ نے اس معاہدے کو ایک اہم معاہدہ قرار دیا ہے۔ اس کے بعد موبائل پر صرف ٹچ فرینڈ لی ایپلی کیشنز ہی کام نہیں کریں گی بلکہ ہر قسم کی ایپلی کیشنز جو پہلے صرف ڈیسک ٹاپ پر استعمال کی جاسکتی تھیں، جیسے فوٹو شاپ سی سی وغیرہ بھی موبائل فون پر ہی قابل استعمال ہونگی۔ یہی نہیں، مائیکروسافٹ ونڈوز 10 کی ویڈیو گیمز بھی فون میں کھیلے جاسکیں گے۔ اس خبر کا سب سے اہم جُز یہ ہے مائیکروسافٹ کے مطابق ایپلی کیشنز کے ڈیویلپرز کو اپنی ایپلی کیشنز کے سورس کوڈ میں کسی قسم کی تبدیلی بھی نہیں کرنی ہوگی۔

مائیکروسافٹ نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شائع کی ہے جس میں ونڈوز 10 کوالکوم اسنیپ ڈریگن 820 پروسیسر پر 4 جی بی ریم کے ساتھ بہت آرام سے فوٹو شاپ چلا رہی ہے۔ دیکھا جائے تو کوالکوم اسنیپ ڈریگن 820 بہت نیا پروسیسر نہیں۔ بلکہ اسے متعارف ہوئے ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔ یوں کہا جاسکتا ہے کہ 2016ء میں جاری کئے گئے اسمارٹ فونز میں یہ صلاحیت ہے کہ ان پر ونڈوز 10 چلائی جاسکے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

یقیناً مائیکروسافٹ اپنے یونی ورسل ونڈوز پلیٹ فارم (UWP) کو ترجیح اور اہمیت دے گا۔ UWP ایپلی کیشنز ٹچ فرینڈلی اور توانائی کے معاملے میں زیادہ کفایت شعار ہوتی ہے۔ اس کے مقابلے میں عام کمپیوٹر ایپلی کیشنز کو چھُو کر استعمال کرنے اور توانائی بچانے کے لئے تیار نئی کیا جاتا۔ اس لئے ایسی ایپلی کیشنز کو اسمارٹ فونز میں استعمال کرتے ہوئے غالب امکان یہی ہے کہ آپ کو اپنے اسمارٹ فون کا چارجنگ سے لگا کر رکھنا ہوگا۔

دوسری جانب مائیکروسافٹ کا ونڈوز 10 کو تمام ہارڈ ویئر پر چلنے کے قابل آپریٹنگ سسٹم بنانے کا منصوبہ آہستگی لیکن کامیابی سے گامزن ہے۔ HP Elite x3 اس کی ایک مثال ہے۔ ایچ پی کی اس ڈیوائسز کو دیکھیں تو یہ اسمارٹ فون بھی ہے، لیپ ٹاپ بھی اور ڈیسک ٹاپ بھی۔ اور ان تینوں پر بیک وقت ونڈوز 10 چل رہی ہوتی ہے۔ مستقبل میں ایسی دوسری ڈیوائسز کی آمد بھی متوقع ہے۔ مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ ARM پروسیسر پر مبنی ڈیوائسز جن میں ونڈوز 10 نصب ہوگی، 2017ء کے اوائل میں ہی دستیاب ہوجائیں گی۔ انہیں فی الحال Cellular PC کا نام دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مائیکروسافٹ سرفس موبائل کے بارے میں بھی افواہیں دوبارہ سرگرم ہوگئی ہیں۔ یہ عین ممکن ہے کہ سرفس موبائل دراصل ARMپر مبنی مائیکروسافٹ ونڈوز 10 رکھنے والا فون ہو۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 124 میں شائع ہوئی

مزید تفصیل کے لیے یہ وڈیو ملاحظہ کیجیے:

ایک تبصرہ
  1. Mdanish Attari says

    بہت اچھی پوسٹ ہے۔
    فیوچر میں انڈرائڈ ناکام ہو گا۔

Comments are closed.