اینڈروئیڈ فون بیچنے سے پہلے کے چند اہم کام

ہمارے ہاں فون خریدنے والے اکثر صارفین اس بات کو مدِنظر رکھتے ہیں کہ اگر فون کو کچھ عرصے بعد فروخت کرنا پڑ جائے تو اس کی اچھی قیمت وصول ہو۔

یہی وجہ ہے کہ ہمارے ہاں نئے فونز کے ساتھ ساتھ پرانے فونز کی خریدو فروخت کا کام بھی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔

استعمال شدہ فون کو فروخت کرنا کافی حساس معاملہ ہے۔ آج کل کے اسمارٹ فونز میں ہر صارف کی انتہائی اہم معلومات موجود ہوتی ہیں، اس لیے انھیں فروخت کرنے سے پہلے یہ کام انتہائی ضروری ہوتے ہیں۔

ایک تو اپنے ڈیٹا کو بیک اپ کرنا اور اس کے بعد تمام ڈیٹا کو اچھی طرح سے حذف کرنا۔

-1 بیک اپ

ڈیٹا بیک اپ کرنے کے لیے سب سے آسان طریقہ یہی ہے کہ یو ایس بی کیبل کو استعمال کرتے ہوئے ڈیٹا پی سی میں کاپی کر لیں۔

backup-on-pc

اس کے علاوہ دوسرا آسان ترین طریقہ ایس ڈی کارڈ میں ڈیٹا کو منتقل کرنا ہے۔

اگر آپ اینڈروئیڈ استعمال کرتے ہیں تو بیک اپ کے معاملے میں گوگل بھی آپ کو بہترین سہولت دیتا ہے جسے استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے فون کی تمام سیٹنگز کو بھی گوگل اکاؤنٹ میں بیک اپ کر سکتے ہیں۔

اس طرح جب آپ فون بدلیں گے تو اُسی گوگل اکاؤنٹ سے لاگ اِن کر کے پرانی سیٹنگز اور ڈیٹا کو ری اسٹور بھی کر سکیں گے۔

یہ بیک اپ کا آپشن فون کی سیٹنگز کے اندر Backup and Reset کے ذیل میں موجود ہے۔

android-backup-to-account

زیادہ تر صارفین کا اہم ڈیٹا ان کی تصاویر اور وڈیوز پر مبنی ہوتا ہے۔ اس لیے اگر آپ ’’گوگل فوٹوز‘‘ ایپلی کیشن استعمال کریں تویہ آپ کے فون میں موجود تمام میڈیا فائلز کو آپ کے گوگل اکاؤنٹ میں بیک اپ کرتی رہتی ہے۔ اس طرح آپ باآسانی فون میں موجود میڈیا فائلز کو حذف کر سکتے ہیں۔

گوگل فوٹوز کی تفصیل جانیں

فون کو پی سی پر بیک اپ کرنے کے لیے آپ کسی پروگرام کو بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ ان کے بارے میں جاننے کے لیے یہ مضامین ملاحظہ کیجیے:

فون کو پی سی پر بذریعہ وائی فائی بیک اپ اور بعد میں ری اسٹور کریں

فون میں موجود تمام ایپس اور ڈیٹا کا زپ بیک اپ بنائیں

دیگر بیک اپ سروسز

کمپیوٹر، میموری کارڈ اور گوگل کے علاوہ بھی کئی سروسز ایسی موجود ہیں جنھیں آپ اپنا ڈیٹا بیک اپ کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

تین بہترین بیک اپ سروسز کے نام ہم آپ کے لیے پیش کر دیتے ہیں جن میں سے آپ اپنی پسند کی سروس کو گوگل پلے اسٹور پر تلاش کرتے ہوئے انسٹال کر سکتے ہیں:

ٹائٹینیئم بیک اپ

اینڈروئیڈ کے حلقوں میں بیک اپ کرنے کے لیے سب سے زیادہ Titanium Backup ایپلی کیشن کو تجویز کیا جاتا ہے کیونکہ یہ عام ڈیٹا کے علاوہ ایپلی کیشنز و سسٹم ڈیٹا تک کو بھی بیک اپ کر سکتی ہے۔

اس کے علاوہ اس کے ذریعے بیک اپ شیڈول بھی کیے جا سکتے ہیں۔ بس اس کے ساتھ ایک مسئلہ ہے کہ اسے استعمال کرنے کے لیے اینڈروئیڈ کا روٹ ہونا ضروری ہے۔

ٹائٹینیئم بیک اپ انسٹال کریں

جی کلاؤڈ بیک اپ

G Cloud Backup بھی ایک انتہائی لاجواب سروس ہے جس کے ذریعے ایپ ڈیٹا، کانٹیکٹس، میسجز، تصاویر، میوزک اور وڈیوز کو بھی باآسانی ان کی کلاؤڈ سروس پر بیک اپ کیا جا سکتا ہے۔

g-cloud-backup

ایپ کی انسٹالیشن کے بعد جی کلاؤڈ پر مفت اکاؤنٹ بنائیں اور اپنا تمام ڈیٹا یہاں اپ لوڈ کر دیں۔

جی کلاؤڈ بیک اپ انسٹال کریں

ہیلیئم بیک اپ

Helium Backup ایپلی کیشن کے ذریعے آپ فون کو روٹ کیے بغیر تمام ڈیٹا بشمول ایپ ڈیٹا کو ایس ڈی کارڈ، کمپیوٹر یا کلاؤڈ اسٹوریج پر نہ صرف بیک اپ کر سکتے ہیں بلکہ بوقت ضرورت یعنی ڈیوائس بدلنے کے بعد ری اسٹور بھی کر سکتے ہیں۔

helium Backup

ہیلیئم بیک اپ انسٹال کریں

-2 فون سے تمام ڈیٹا حذف کریں

ڈیٹا کے مکمل بیک اپ کے بعد اب باری آتی ہے اس میں موجود تمام ڈیٹا کی مکمل اور یقینی صفائی کی، تاکہ یہ کسی دوسرے کے ہاتھ نہ لگ سکے۔

یقیناً آپ جانتے ہوں گے کہ ڈیٹا جب حذف ہوتا ہے تو اس کی جگہ تو ڈرائیو میں خالی نظر آتی ہے لیکن وہ دراصل ڈرائیو پر اس وقت تک موجود رہتا ہے جب تک کہ اس کی جگہ پر کوئی ڈیٹا اوور رائٹ نہ ہو جائے۔

اس لیے اس ڈیٹا کو بعد میں کسی سافٹ ویئر کی مدد سے ریکور بھی کیا جا سکتا ہے۔

اگر آپ اپنے اہم ڈیٹا کو ریکور کرنے کے قابل نہیں چھوڑنا چاہتے تو صرف فیکٹری ری سیٹ پر اکتفا نہ کریں اس کے لیے کچھ اور بھی کرنا پڑے گا۔

تمام ڈیٹا اِنکرپٹ کریں

فون میں موجود تمام ڈیٹا کو حذف کرنے سے پہلے اگر اِنکرپٹ کر دیا جائے تو اسے خاص کنجی یعنی کوڈ کے بغیر حاصل کرنا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے۔

یہ عمل اگرچہ کافی وقت طلب ضرور ہے لیکن ڈیٹا کی سو فیصد حفاظت کے لیے اسے ہی استعمال کرنا چاہیے۔

how-to-encrypt-android

فون میں موجود تمام ڈیٹا کو اِنکرپٹ کرنے کے لیے سیٹنگز کے اندر موجود سکیوریٹی کے حصے میں آجائیں۔ یہاں آپ دیکھیں تو Encrypt phone کا آپشن موجود ہے لیکن اسے استعمال کرنے سے پہلے فون کو چارج پر ضرور لگا دیں یا بیٹری کو سو فیصد چارج ضرور کر لیں کیونکہ اس میں کئی گھنٹے بھی صرف ہو سکتے ہیں۔

فیکٹری ری سیٹ

انکرپشن کے مکمل ہونے کے بعد اب آپ فیکٹری ری سیٹ کا آپشن استعمال کر سکتے ہیں جو کہ فون کی سیٹنگز کے اندر موجود ہے۔ یہ فون میں موجود تمام ڈیٹا کو صاف کر دے گا۔

android-reset

چونکہ ہم ڈیٹا پہلے ہی اِنکرپٹ کر چکے ہیں اس لیے اب اگر کچھ اسے ریکور کرنے کی بھی کوشش کرے گا تو اسے ایسا ڈیٹا حاصل ہو گا جو اس کے کسی کام کا نہیں ہو گا۔ کیونکہ یہ ڈیٹا دیکھنے کے قابل نہیں ہو گا اور اسے دیکھنے کے قابل بنانے کے لیے پہلے ڈی کرپٹ کرنا پڑے گا جو کہ اس کی Key کے بغیر ممکن نہیں۔

ایک تبصرہ
  1. BOZDAR Mustafa says

    Very nice information.
    How one can back SMS and then restore in new purchased phones………..Please give some guideline about that as well. Thanks

Comments are closed.