اپنی آن لائن پرائیویسی یقینی بنائیں

ویب سائٹس آپ کی انٹرنیٹ سرگرمیوں کی اس قدر جاسوسی کرتی ہیں کہ آپ اندازہ نہیں کر سکتے۔ ایک تجربہ کرنے کے لیے کبھی مختلف ایئرلائنز کی ویب سائٹس پر جا کر کسی ملک کی فلائٹ چیک کریں۔ پھر جادو دیکھیں، فیس بک پر ضرور آپ کو اسی فلائٹ کی پوسٹ ملے گی، چاہے آپ نے اس ایئرلائن کے پیج کو لائیک ہی نہ کر رکھا ہو۔ یہ تو ایک مثال ہے، فیس بک اور گوگل سمیت ہر ویب سائٹ جتنی ہو سکے آپ کی جاسوسی کرتی ہے۔ آج کے دور میں جب ہم کریڈٹ کارڈز سے ادائیگیاں کرتے ہیں، اپنے بینک اکاؤنٹس کو آن لائن چیک کرتے ہیں ہمیں اپنے براؤزر میں بہترین سکیوریٹی شامل کرنے کی ضرورت ہے اور اس کام کے لیے بہترین پلگ اِن ’’بلر‘‘ (Blur) کی صورت میں دستیاب ہے۔ یہ پلگ اِن پہلے ’’ڈو ناٹ ٹریک می‘‘ کے نام سے موجود تھا، لیکن اب اس میں مزید نئے فیچرز شامل کر کے اس کا نام بھی بدل دیا گیا ہے۔

یہ پلگ اِن آپ کے براؤزر میں آپ کی تمام حساس معلومات کو دوسروں کی دسترس سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کی موجودگی میں کوئی ویب سائٹ آپ کی بینک کی معلومات تو کیا آپ کا ای میل ایڈریس تک نوٹ نہیں کر سکتی۔ اس کے علاوہ تمام ویب سائٹس کو آپ کی انٹرنیٹ کی سرگرمیوں کی بھنک بھی نہیں پڑتی۔ یہ پلگ اِن آپ کو گوگل کے ذریعے محفوظ سرچ کرنے کی سہولت بھی دیتا ہے۔ اس کے علاوہ نیا اکاؤنٹ بناتے وقت آپ کے لیے مشکل پاس ورڈ بنانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

’’بلر‘‘ کو استعمال کرنے کے لیے سائن اپ کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ زیادہ مشکل نہیں۔ اس کی ویب سائٹ پر جا کر رجسٹر کے بٹن پر کلک کری، انتہائی مختصر سا فارم جس میں صرف ای میل ایڈریس اور پاس ورڈ ٹائپ کرنا ہے کے ذریعے آپ سائن اپ مکمل کر سکتے ہیں۔اکاؤنٹ بنتے ہی اگلے صفحے پر آپ کے براؤزر کے اعتبار سے پلگ اِن کا انسٹالیشن ربط موجود ہو گا۔ ’’بلر‘‘ تمام براؤزرز یعنی موزیلا فائر فوکس گوگل کروم انٹرنیٹ ایکسپلورر اور اوپرا وغیرہ لیے دستیاب ہے۔

https://dnt.abine.com/#blur
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ مارچ 2015 میں شائع ہوئی)

3 تبصرے
  1. Aisha says

    Urdu Inpage android k lye chaye any one help me?

  2. محمد محبوب says

    اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ یہ سوفٹ ویئر خود جاسوسی نہیں کرے گا 😛

  3. Mehmood ul Saqlain says

    easy urdu k nam se application ha wo install kr lo ap

Comments are closed.