سام سنگ نے 6.3 انچ اسکرین اور ڈوئل کیمرہ کے ساتھ سام سنگ گلیکسی نوٹ 8 متعارف کرادیا

سام سنگ نے گلیکسی نوٹ 8 کو باقاعدہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔ اس فون کے پری آرڈر کا آغاز تو کل سے ہو جائے گا لیکن اس کی فروخت کا آغاز 15 ستمبر سے ہوگا ۔

سام سنگ کے لیے نوٹ 8 کا اجراء ایک بڑی کامیابی ہے ۔ نوٹ سیون کے بیٹری پھٹنے کے واقعات کی وجہ سے سام سنگ برانڈ کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنا بے حد ضروری ہوگیا تھا۔ یہ ازالہ اسی وقت ممکن تھا جب صارفین کو نوٹ سیون سے بھی اعلیٰ پائے کی چیز فراہم کی جائے۔ نوٹ 8 کے بارے میں ملنے والی خبروں سے بظاہر ایسا لگتا ہے کہ سام سنگ نے اس حوالے سے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

سام سنگ گلیکسی نوٹ 8 کا ڈسپلے 6.3 انچ ہے۔ سائیڈوں سے اس کی سکرین کافی خمدار ہے لیکن سامنے سے ہموار بھی ہے۔سام سنگ گلیکسی نوٹ 8 دوسرے فلیگ شپ گلیکسی ایس  8 پلس سے تھوڑا بھاری بھی ہے۔ اس کا وزن 195گرام ہے جبکہ ایس 8 پلس کا وزن 173 گرام تھا۔ اس ڈیوائس کو بلیک، گرے، گولڈ اور بلیو رنگوں میں متعارف کرایا جائے گا۔ سام سنگ کا کہنا ہے کہ نوٹ 8 کا ایس پین پہلے سے زیادہ جدید ہے جو نمی  اور گرد وغبار میں بھی اچھی طرح کام کرتا ہے۔

سام سنگ نے گلیکسی نوٹ 8 کا ہارڈ وئیر بھی پہلے سے  اپ  گریڈ کیا ہے۔ نوٹ  8 میں سنیپ ڈریگن 835 پروسیسر، 64 جی بی انٹرنل (مائیکرو ایس ڈی کارڈ سےقابل توسیع) سٹوریج، 6 جی بی ریم اور 3300 ایم اے ایچ کی بیٹری ہے۔

سام سنگ نے نوٹ  8 میں کیمرہ ڈیپارٹمنٹ کو بھی بہتر کیا ہے نوٹ 8 کی بیک پر 12 میگا پکسل کے دو کیمرے ہیں۔ ریگولر/وائیڈ اینگل  لینز کا اپرچر f/1.7 اور ٹیلی فوٹو لینز f/2.4 ہے۔

سام سنگ گلیکسی نوٹ 8 کو اینڈروئیڈ 7.1.1 کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔  سافٹ وئیر کے معاملے میں صارفین کو وہی تجربہ ملے گا جو گلیکسی ایس 8 میں ملا تھا۔ اس ڈیوائس کی اہم خصوصیت بکسبی بھی ہے۔ سام سنگ اپنے ورچوئل اسسٹنٹ بکسبی کے لیے ایک خصوصی بٹن بھی اس ڈیوائس میں شامل کیا ہے۔

سام سنگ نے اس میں  Dex کا فیچر بھی شامل کیا ہے۔ اگر آپ مطلوبہ ڈوک خریدتے ہیں تو آپ فون کو مانیٹر میں پلگ کر کے کی بورڈ اور ماؤس سے ڈیسک ٹاپ کی طرح کا تجربہ حاصل کر سکتے ہیں۔اس میں ایک نئی چیز یہ بھی ہے کہ صارفین ایپس ایج سے دو ایپس کو مربوط کر کے سپلٹ سکرین میں ایک ساتھ چلا سکتے ہیں۔ ایک اور فیچر سے صارفین ویڈیو سے جف بنا سکتے ہیں۔

Comments are closed.