زمین پر سونا کہاں سے آیا، سائنسدانوں نے پتہ لگا لیا
زمین پر سونے کا وجود سائنسدانوں کے لیے ہمیشہ سے ایک پہیلی رہا ہے خاص طور سے کیمیا دانوں کے لیے تاہم اب سائنسدانوں نے اس سربستہ راز سے پردہ اٹھا لیا ہے۔
حال ہی میں کیمیا دانوں نے پتہ لگایا ہے کہ سونا دراصل نیوٹران ستاروں کے ٹکرانے سے وجود میں آیا، نیوٹران ستاروں کے ٹکرانے سے طاقتور دھماکے ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں ذرے آپس میں مل کر بھاری دھاتیں تشکیل دیتے ہیں جن میں سونا بھی شامل ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کائنات میں وقوع پذیر ہونے والے اس طرح کے دھماکے ہی اتنی توانائی پیدا کر سکتے ہیں جو بھاری دھاتوں کی تشکیل کے لیے ضروری ہیں جیسے سونا، پلیٹینئم اور چاندی، برطانوی اخبار “ٹیلیگراف” کے مطابق سائنس دان اس عمل کا مشاہدہ کر چکے ہیں۔
حال ہی میں امریکی فلکیات دانوں کو دو نیوٹران ستاروں کے ٹکرانے کا سگنل ملا جو 130 ملین سال قبل ٹکرائے تھے، اس ٹکراؤ سے پیدا ہونے والی روشنی کے کیمیائی تجزیے سے سونے، چاندی اور پلیٹینئم کی موجودگی کا پتہ چلا۔
جدید دور میں سائنسدان ایٹمی ری ایکٹروں میں ذروں کو ٹکرا کر سونا بنانے میں کامیاب رہے ہیں تاہم یہ طریقہ بہت مہنگا ہے۔
Comments are closed.