بچوں کے لیے مفید بنیادی پروگرامنگ ٹولز

ہم ایک ایسے ڈیجیٹل دور میں آچکے ہیں جہاں اسمارٹ فونز، کمپیوٹرز اور ٹیبلیٹس زندگی کا لازمی جزو بن چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج کل انتہائی کم عمر بچے بھی ان چیزوں کو استعمال کرنے پر دسترس رکھتے ہیں۔ ہماری اکثر کوشش ہوتی ہے کہ بچے کمپیوٹر، اسمارٹ فون اور ٹیبلیٹس کو صرف گیمز کھیلنے تک محدود نہ رکھیں بلکہ انھیں کچھ نیا سیکھنے کے لیے بھی استعمال میں لائیں۔ ایک گیم جو کہ بہت مزے کا ہو، یہ جاننے کی بھی ضرورت ہوتی ہے کہ اس کے پیچھے کیسی پروگرامنگ کارفرما ہے۔ یعنی کم عمری سے ہی بچوں کو پروگرامنگ سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔ یہ چیز نہ صرف ان کی صلاحیتوں میں نکھار لائے گی بلکہ انھیں مستقبل میں یہ فیصلہ کرنے میں مدد دے گی کہ آیا وہ ایک پروگرامر بننا چاہتے ہیں یا نہیں۔
آئیے آپ کو دس ایسے مفید تعلیمی ٹولز سے متعارف کرواتے ہیں جن کی مدد سے بچوں کی پروگرامنگ کی صلاحیتیں اُجاگر کی جا سکتی ہیں۔ زیادہ تر یہ ٹول ویژیول پروگرامنگ لینگویج پر مبنی ہیں جن میں ڈریگ اینڈ ڈراپ انٹرفیس کے ذریعے پروگرامنگ سکھائی جاتی ہے۔ یعنی کوئی پیچیدہ کوڈنگ نہیں بلکہ رنگدار قسم کے ٹول استعمال کیے جاتے ہیں جنھیں بس ڈریگ اینڈ ڈراپ سے پروگرام میں شامل کرکے کچھ نیا بنانا ہے۔

 

ہوپ سکوچ  (Hopscotch) (آئی او ایس)

Hopscotch

آپ نے اکثر سنا ہو گا کہ گانا کوئی بھی گا سکتا ہے، کھانا کوئی بھی پکا سکتا ہے اسی طرح ’’ہوپ سکوچ‘‘ کا کہنا ہے کہ پروگرامنگ بھی ہر کوئی کر سکتا ہے۔ ہوپ سکوچ کو استعمال کرتے ہوئے بچوں کو باآسانی پروگرامنگ کی بنیادی معلومات سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔ ابھی ہوپ سکوچ مفت ایپلی کیشن کی صورت میں صرف آئی پیڈ کے لیے دستیاب ہے۔
اس کی مدد سے بچے اپنی گیمز، ایپلی کیشنز، کہانیاں، اینی میشنز اور دیگر کئی پروگرامز خود بنا سکتے ہیں کیونکہ اس میں کوڈز کے بلاک کو صرف ڈریگ اینڈ ڈراپ کر کے شامل کرنا ہوتا ہے۔ پروگرامنگ کے حوالے سے اگر آپ کچھ بھی تصور کر سکتے ہیں تو اسے ہوپ سکوچ کی مدد سے بنا بھی سکتے ہیں۔
www.gethopscotch.com

 

اسکریچ (Scratch) (ویب)

scratch

اسکریچ ایک پروگرامنگ لینگویج اور آن لائن کمیونٹی ہے۔ جس کی ڈیویلپمنٹ اور تمام انتظام ایم آئی ٹی لیب میں موجود لائف لانگ کنڈگارٹن گروپ (Lifelong Kindergarten group) کے ہاتھ میں ہے۔ اسکریچ اپنی خدمات مفت پیش کیے ہوئے ہے جسے استعمال کرتے ہوئے بچے اپنی اینی میشنز، گیمز اور کہانیاں خود بنا سکتے ہیں۔ اپنی تخلیقات کو اس آن لائن کمیونٹی کے ذریعے دنیا بھر سے شیئر بھی کیا جا سکتا ہے۔
والدین اور اساتذہ کے لیے مکمل تفصیلات موجود ہیں کہ ویب سائٹ بچوں کے لیے کس طرح فائدے مند ثابت ہو سکتی ہے۔
scratch.mit.edu

 

ایلس (Alice) (ونڈوز، میک، لینکس)

Alice

تصویری کہانیاں ہمیشہ بہت دلچسپ لگتی ہیں۔ ایلس ایک تھری ڈی پروگرامنگ ٹول ہے جس کی مدد سے اینی میشن پر مبنی کہانیاں بنائی جا سکتی ہیں اور انھیں کھیل یا وڈیو کی صورت میں ویب سائٹ پر شیئر بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس ویب سائٹ کا بنیادی مقصد بچوں کو آبجیکٹ اورینٹڈ پروگرامنگ سے روشناس کرانا ہے۔
ایلس کو استعمال کرتے ہوئے طلبہ مختصر اور بنیادی اینی میٹڈ وڈیوز بھی بنا سکتے ہیں جن میں انسانی کردار، جانور اور گاڑیاں بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ چھوٹی موٹی وڈیو گیم بھی بنائی جا سکتی ہے۔
www.alice.org

 

ٹِنکر (Tynker) (آئی او ایس، اینڈروئیڈ)

Tynker

ٹنکر ایک آن لائن پروگرامنگ سیکھنے کا نظام ہے جو بچوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ اپنے آئیڈیاز کو استعمال کرتے ہوئے گیمز، پروجیکٹس، اینی میٹڈ کہانیاں اور ایپلی کیشنز بنا کر انھیں ویب سائٹ پر شیئر کر سکیں۔ ٹنکر میں بہت ہی آسان قسم کی ویژیول پروگرامنگ لینگویج استعمال ہوتی ہے جس میں کسی قسم کی کوڈنگ کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ کوڈز کے بلاکس کو استعمال کرتے ہوئے پروگرام بنایا جاتا ہے۔ یعنی ایک پروگرام بنانا ایسے ہی ہے جیسے کوئی بچہ لیگو بلاکس کو جوڑ کر کوئی چیز بنا دے۔
www.tynker.com

 

ہیکٹی ہیک (Hackety Hack) (ونڈوز)

hackety

پروگرامنگ کی بنیادی باتوں کا علم ہونا ایک اچھے پروگرامر کی نشانی ہوتی ہے۔ اگر آپ بچوں کو پروگرامنگ کی بنیادیات سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں تو اس ویب سائٹ کا رُخ کریں۔ اس کام کے لیے یہ استعمال میں انتہائی آسان ٹول ہے۔ یہاں آغاز کرنے کے لیے بالکل ضروری نہیں کہ پہلے سے پروگرامنگ کے بارے میں کچھ علم ہو۔ یہ ٹول روبی (Ruby) پروگرامنگ لینگویج پر مبنی ہے۔ یہ لینگویج کئی ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اس کے پروگرامنگ سکھانے والے ٹول کا نام شوز (Shoes) ہے جو اس کی ویب سائٹ سے ونڈوز کے لیے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
http://hackety.com

 

کوڈایبل (Kodable) (آئی او ایس)

Kodable

کوڈ ایبل پروگرامنگ ایپلی کیشن آئی پیڈ کے لیے دستیاب ہے۔ اس کی ٹیگ لائن ہے ’’پڑھنا سیکھنے سے پہلے کوڈنگ کرنا سیکھیں‘‘۔ یہاں سکھانے کا عمل دلچسپ گیم پر مبنی ہے۔ کوڈایبل خصوصی طور پر پانچ سال اور اس سے بڑی عمر کے بچے کے لیے بنائی گئی ہے۔ جس میں بچہ ہدایات کے ساتھ گیم کھیلتے ہوئے کوڈنگ سیکھنا شروع ہو جاتا ہے۔
مختلف عمر کے بچوں کے حساب سے یہاں پروگرامنگ کے لیول موجود ہیں تاکہ عمر کے حساب سے بچے کو سکھایا جا سکے۔ بچوں کو کوڈنگ سکھانے کے لیے تمام اہم ٹولز اس ایپلی کیشن میں موجود ہیں۔ جن کی مدد سے بچوں کی مسئلے حل کرنے کی، سوچنے کی، کمپیوٹر سے دلچسپی کی اور اس طرح کی دیگر کئی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکتا ہے۔

www.kodable.com

 

سٹینسل (Stencyl) (ونڈوز، میک، لینکس)

stencyl

سٹینسل ایک مفت اور بہترین سروس ہے جس کے ذریعے بلاکس کو ڈریگ اینڈ ڈاپ سے شامل کر کے دلچسپ گیم بنایا جا سکتا ہے یعنی کسی قسم کی کوڈنگ کی ضرورت نہیں۔ لیکن اگر آپ بلاکس کو استعمال کر نا نہ چاہیں تو کوڈ ٹائپ کرنے کا آپشن بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ سٹینسل پلیٹ فارم اس لیے بہترین ہے کہ اس کے ذریعے بنائے گئے گیمز اینڈروئیڈ، آئی اوایس، ونڈوز، میک اور لینکس پر بھی کھیلے جا سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے بنائے گئے کچھ گیمز ایپ اسٹور پر بہت مشہور بھی ہو چکے ہیں۔
www.stencyl.com

 

ای ٹوئیز (Etoys) (ونڈوز، میک، لینکس)

Etoys

ای ٹوئیزایک استعمال میں آسان پروگرامنگ ٹول ہے جس کی مدد سے بچے اپنی گیمز، ماڈلز اور کہانیاں تخلیق کر سکتے ہیں۔ یہاں کوئی پروجیکٹ بناتے ہوئے اس میں گرافکس، اینی میٹڈ آبجیکٹس، میوزک، ساؤنڈ، اسکین کی گئی تصاویر اور ٹیکسٹ شامل کیے جا سکتے ہیں۔ تقریباً تمام آپریٹنگ سسٹمز کے لیے یہ ٹول بالکل مفت دستیاب ہے۔ ای ٹوئیز پروگرام کا استعمال سکھانے کے لیے اس کی ویب سائٹ پر مددگار ٹیوٹوریئل بھی موجود ہیں۔
www.squeakland.org

 

روبو مائنڈ (RoboMind) (ونڈوز، میک، لینکس)

robomind

 

روبو مائنڈ بچوں کے لیے دستیاب ایک پروگرامنگ ٹول ہے جس میں اس کی اپنی لینگویج ’’روبو‘‘ استعمال ہوتی ہے۔ یہ لینگویج بہت ہی آسان ہے، اسے استعمال کرنے کے لیے پروگرامنگ کے بارے میں علم ہونے کی بھی ضرورت نہیں۔ روبومائنڈ میں دراصل ایک ورچوئل روبوٹ کو استعمال کرتے ہوئے کچھ کام سرانجام دینے ہوتے ہیں۔ جس سے بچے آرٹی فیشیل انٹیلی جنس کو سیکھتے ہیں اور بعد میں اسے اصلی روبوٹک کِٹ جیسے کہ لیگو مائنڈ سٹورمز میں استعمال کر سکتے ہیں۔ روبومائنڈ کے ٹولز تیس دن آزمانے کے لیے مفت ملتے ہیں۔
www.robomind.net/en/index.html

 

واٹر بیئر (Waterbear) (ویب)

waterbear

واٹربیئر کی پروگرامنگ ٹول کِٹ کو استعمال میں آسان بنانے کے لیے اس میں بھی ڈریگ اینڈ ڈراپ پروگرامنگ استعمال کی گئی ہے۔ یہ ایک ویژیول پروگرامنگ لینگویج پر مبنی ہے، یعنی اسے استعمال کرنے کے لیے پروگرامنگ کی بنیادی باتیں معلوم ہونا ضروری نہیں۔
بچوں کے علاوہ دیگر ایسے لوگ بھی اسے استعمال کر سکتے ہیں جو بنا پروگرامر بنے پروگرامنگ کے ذریعے کچھ بنانا چاہتے ہوں۔
http://waterbearlang.com

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اکتوبر 2014 میں شائع ہوئی)

3 تبصرے
  1. Arslan Ahmad says

    zabardast post

  2. TechUrdu.com says

    Good.

  3. fahad imtiaz says

    AssalamoAlaikum!Janabut, aik aur website hai jis ka address hai :www.programmingbasicsinfo.org
    Yeh site bhi bunyadi programming ke usool sikhati hai

Comments are closed.