اوبر ایپ آئی فون کی اسکرین ریکارڈ کر سکتی ہے، حیران کن انکشاف
اوبر کو ایپل کی جانب سے ایسی خصوصی اجازت حاصل ہے جو اس کی ایپ کو آئی فون کی اسکرین ریکارڈ کرنے کی اجازت دیتی ہے، چاہے ایپ بند ہی کیوں نہ ہو۔
یہ حیران کن انکشاف سکیورٹی معاملات پر تحقیق کرنے والے ول اسٹرافیک نے دی ہے، جن کا کہنا ہے کہ ” com.apple.private.allow-explicit-graphics-priority ” نامی اس اجازت کا دستاویز میں ذکر نہیں اور یوں صارفین کو علم ہی نہیں کہ ایپ یہ “خاص کام” بھی کر سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈیولپرز بھی اس سے لاعلم ہیں۔ اسٹرافیک کا دعویٰ ہے کہ غالباً اوبر واحد تھرڈ پارٹی ایپ ہے، جسے یہ خصوصی اجازت دی گئی ہے۔
دیگر ایپ ڈیولپرز کہتے ہیں کہ یہ غیر معمولی قدم ہے۔ ایپل ماہر لوکا ٹوڈیسکو کا کہنا ہے کہ یہ کسی ایپ کو ‘keylogging’ کی اجازت دینے کے برابر ہے، یعنی لاگ اِن اور پاسورڈز جیسی حساس معلومات چوری کرنے کے لیے بھی استعمال ہو سکتی ہے ۔
یہ اب تک واضح نہیں ہے کہ ایپل نے آخر ایک رائیڈ شیئرنگ ایپ کو اتنے خصوصی اختیارات کیوں دیے جبکہ وہ ایپ پہلے ہی پرائیویسی کے حوالے سے خراب ریکارڈ رکھتی ہے۔ یہاں تک کہ خود ایپل نے بھی صارفین کی پرائیویسی کی مبینہ خلاف ورزی کی وجہ سے اوبر کو ایپ اسٹور سے نکالنے پر غور کیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ قدم حیران کن بھی ہے اور تشویش ناک بھی۔
ایپل نے اب تک اس معاملے پر تبصرہ نہیں کیا البتہ اوبر نے وضاحت پیش کی ہے کہ اسے ایپل واچ کی وجہ سے یہ اجازت درکار تھی، اور ایپ اور واچ اپڈیٹ ہونے کے بعد یہ اے پی آئی مکمل طور پر خارج کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.