وٹس ایپ کا پرانا اسٹیٹس فیچر واپس آرہا ہے

وٹس ایپ نے حال ہی میں اسنیپ چیٹ جیسے کچھ فیچر متعارف کروائے تھے۔ وٹس ایپ کے تازہ ترین ورژن میں صارفین تصاویر، اسٹیکرز، ڈرائنگ اور مختصر دورانیے کی ویڈیوز کو اسٹیٹس کے طور پر لگا سکتے ہیں۔ یہ چیزیں اسٹیٹس ٹیب میں 24 گھنٹے تک نظر آئیں گی اور اس کے بعد یہ غائب ہو جائیں گی۔ اسٹیٹس لگانے والا شخص یہ جان سکتا ہے کہ اس کا اسٹیٹس کتنے لوگوں نے دیکھا۔ یہ فیچر اسنیپ چیٹ کے اسٹوریز فیچر کی نقل ہے۔ فیس بک اس سے پہلے ایسا ہی ایک فیچر انسٹا گرام میں بھی متعارف کرواچکا ہے۔

فیس بک پر اسنیپ چیٹ کے فیچرز نقل کرنے پر سخت تنقید کی گئی۔ خاص طور پر وٹس ایپ صارفین کی جانب سے نیا اسٹیٹس فیچر صارفین کو بالکل پسند نہیں آیا۔ اب اطلاعات ہیں کہ صارفین سے منفی رائے ملنے کے بعد واٹس اپ پھر سے پرانے والا اسٹیٹس بحال کرنے جارہا ہے۔ پرانے اسٹیٹس میں صارفین ایک مختصر سے تحریر لکھ سکتے تھے۔ اس اسٹیٹس سے ان کی دستیابی، عدم دستیابی، مصروفیت، ذہنیت کیفیت، موڈ وغیرہ کی ترجمانی ہوتی تھی۔ پرانا والا اسٹیٹس حال ہی میں بی ٹا ورژن میں نظر آیا تھا مگر اب وٹس ایپ نے باقاعدہ اس فیچر کی واپسی کی تصدیق کردی ہے۔

فیس بک نے TechCrunch کو بتایا ہے کہ پرانے والے اسٹیٹس کو واپس لایا جائے گا۔20 مارچ سے تمام اینڈروئیڈ صارفین اس خصوصیت کو استعمال کرپائیں گے۔ اس کے بعد اسے آئی فون کے لئے بھی جاری کردیا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ہم نے صارفین کی بات سنی ہے، لوگ پرانے والے اسٹیٹس کو یاد کر رہے ہیں۔ اس لئے ہم نے پروفائل سیٹنگ کے تحت دستیاب About سیکشن میں اسے شامل کردیا ہے۔اب آپ کا اسٹیٹس ماضی کی طرح آپ کے نام کے ساتھ لوگوں کو نظر آئے گا۔
ٹیکسٹ اسٹیٹس والے فیچر کو صارفین ٹھیک اسی طرح سے استعمال کر پائیں گے، جیسے پہلے استعمال کرتے تھے۔ About سیکشن میں جا کر آپ کو اپنا ٹیکسٹ اسٹیٹس ڈالنا ہوگا۔آپ کا نمبر جن لوگوں کے پاس محفوظ ہے، جب وہ آپ کو کوئی پیغام بھیجنے کے لئے Contact لسٹ کھولیں گے تو آپ کا اسٹیٹس دیکھ پائیں گے۔

خاص بات یہ ہے کہ واٹس اپ کا موجود ‘اسٹیٹس اسٹوريز’ والا فیچر ختم نہیں کیا جارہا۔یہ بھی موجود رہے گا لیکن مختلف ٹیب میں۔ آپ اپنی تصاویر اور ویڈیوز کو بطور اسٹیٹس استعمال کرسکیں گے جو 24 گھنٹوں بعد خود بخود غائب ہوجائیں گی۔

Comments are closed.