ایس کیو ایل سرور کا کون سا ورژن مفت ہے؟ یہ مفت کیوں ہے؟

سوال:

ایس کیو ایل سرور کا کون سا ورژن مفت ہے؟ یہ مفت کیوں ہے؟ کیا مائیکروسافٹ کو اپنا سافٹ ویئر مفت بانٹنے پر نقصان نہیں ہوتا؟

جواب:

ایس کیو ایل سرور کے ابتدائی ورژنز سے مائیکروسافٹ اس کا ایک ہلکا پھلکا اور کم سہولیات والا ورژن ڈیویلپرز کے لئے مفت فراہم کرتا آرہا ہے۔ ایس کیو ایل سرور 7.0اور 2000 کے پروفیشنل ورژنز کے ساتھ ساتھ ایک ورژن MSDE کے نام سے بھی پیش کیا جاتا تھا جو ذاتی استعمال کے لئے مفت تھا اور کسی حد تک تجارتی مقاصد کے لئے بھی استعمال کیا جاسکتا تھا۔ 2005ء میں جب مائیکروسافٹ ایس کیو ایل سرور کا ورژن 2005 جاری کیا گیا تو ساتھ ہی ایک مفت ورژن ایس کیو ایل سرور ایکسپریس کے نام سے بھی پیش کیا گیا۔ اس ورژن میں زیادہ سے زیادہ 4جی بی حجم کا ڈیٹا بیس بنایا جاسکتا ہے اور نہ ہی اس میں ایس کیو ایل سرور ایجنٹ شامل ہوتا ہے۔ ہارڈویئر کے حوالے سے بھی اس کی چند پابندیاں ہیں۔ یہ ایک سے زیادہ پروسیسر استعمال نہیں کرتا۔ البتہ ایک سے زائد coresکو ضرور سپورٹ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ RAM بھی یہ ایک جی بی سے زائد استعمال نہیں کرتا، چاہے کمپیوٹر میں کتنی ہی ریم نصب کیوں نہ ہو۔ ایس کیو ایل سرور کے اگلے ورژن 2008 R2 میں ڈیٹا بیس کا سائز 4جی بی سے بڑھا کر 10جی بی تک کردیا گیا لیکن باقی پابندیاں ویسی ہی ہیں۔ پرانے MSDEورژن میں ڈیٹا بیس کے سائز کی حد 2جی بی تک تھی۔

اسے مفت فراہم کرنے کے کئی مقاصد ہیں۔ مثلاً طلبہ کو ایس کیو ایل سرور کے بارے میں پڑھنے اور عملی کا م انجام دینے کا موقع فراہم کرنا، پروگرامرز کو بغیر لائسنس خریدے، اسے اپنے پروگرام لکھنے کے لئے استعمال کرنے کی سہولت دینا وغیرہ۔ رہی بات اسے مفت فراہم کرنے سے ہونے والے نقصان کی تو مائیکروسافٹ وہ کمپنی ہی نہیں جو کبھی گھاٹے کا سودا کرے۔ الٹا اسے مفت فراہم کرنے میں مائیکروسافٹ کا ہی فائدہ ہے کہ ایس کیو ایل سرور پر کام کرنے والی افرادی قوت میں اضافہ ہوگا اور پروگرامز کی اس میں دلچسپی بڑھے گی۔

Comments are closed.