ونڈوز کیوں ہر بار میری فلیش ڈرائیو کو خراب سمجھتی ہے؟

کئی دوستوں نے ای میلز اور فیس بک پیغامات کے ذریعے یہ دریافت کیا ہے کہ آخر کیوں ونڈوز ہر بار یو ایس بی فلیش ڈرائیو یا میموری کارڈ لگانے پر یہ ایرر میسج دیتی ہے کہ لگائی گئی ڈرائیو خراب ہے اور اسے اسکین کرنے کی ضرورت ہے۔ کیا آپ اسکین کرنا چاہیں گے؟ اس ایرر میسج کو اگر نظر انداز بھی کردیا جائے تو بھی فلیش ڈرائیو یا میموری کارڈ صحیح سے کام کرتا ہے۔ پھر اس ایرر کا مطلب کیا ہے اور ونڈوز کو ہر بار ہی اسے ظاہر کرنے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟

ونڈوز سیون اور ونڈوز وستا میں یہ ایرر ـDo you want to scan and fix Removable Disk X:\ کی صورت میں اور ونڈوز 8 میں’’There’s a problem with this drive. Scan the drive now and fix it‘‘ کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔ ونڈوز کا پاگل پن لگنے والے اس پیغام کے پیچھے اس کی ایک لاجک پوشیدہ ہے۔اس ایرر کے ظاہر ہونے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہوتی ہے کہ آپ نے فلیش ڈرائیو یا کارڈ کو آخری بار جب استعمال کیا تھا، اس کے بعد اسے درست طور پر unmount نہیں کیا تھا۔ ہماری یہ عام عادت بن چکی ہے کہ ہم فلیش ڈرائیوز اور میموری کارڈز کا کام ختم ہوجانے کے فوراً بعد انہیں کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ سے الگ کردیتے ہیں۔ یہ طرز عمل آپ کے میموری کارڈ اور اس میں موجود ڈیٹا کے لئے اچھا نہیں ہے اور اس کی وجہ سے آپ دونوں سے محروم ہوسکتے ہیں۔ یہ بھی دھیان میں رکھیں کہ ایسا صرف ونڈوز کے ساتھ نہیں، بلکہ کسی بھی دوسرے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایرر پیغام تو موصول ہوگیا، اب اس کا مستقل حل کیا ہے؟ سب سے پہلے تو آپ کا لازماً ونڈوز کو فلیش ڈرائیو یا میموری کارڈ کو اسکین کرنے دینا چاہئے۔ یہ ڈیٹا اور اسٹوریج ڈیوائس دونوں کے لئے بہتر ہے۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں کہ ونڈوز اس ڈرائیو پر chkdsk یوٹیلیٹی چلاتی ہے جو ڈسک اور اس کے فائل سسٹم سے متعلقہ مسائل دور کرنے کے لئے ’’لقمانی نسخہ‘‘ ہے۔ یہ وہی یوٹیلیٹی ہے جو کمپیوٹر کے abnormal شٹ ڈائون ہونے پر ونڈوز چلایا کرتی تھی تاکہ ڈرائیو میں پیدا ہوجانے والی کسی خرابی کو دور کیا جاسکے۔

اس ایرر پیغام سے آئندہ بچنے کا طریقہ بھی آسان ہے۔ جب بھی آپ میموری کارڈ یا فلیش ڈرائیو کو کمپیوٹر /لیپ ٹاپ سے الگ کرنا چاہیں، اس سے پہلے ونڈوز سسٹم ٹرے (جہاں گھڑی موجود ہوتی ہے) میں موجود یو ایس بی ماس اسٹوریج کے آئی کن پر رائٹ کلک کرکے Eject Removable Disk کے آپشن پر کلک کریں۔ آپ ایسا مائی کمپیوٹر میں موجود ڈرائیو کے آئی کن پر رائٹ کلک کرکے بھی کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد آپ اسٹوریج ڈیوائس کو کمپیوٹر سے الگ کردیں۔ اگر آپ اس ترکیب پر عمل پیرا رہے تو یہ ایرر شاید آپ دوبارہ کبھی نہ دیکھیں۔

Comments are closed.