یوٹیوب کو بیک گراؤنڈ میں کیسے چلائیں؟
یوٹیوب انٹرنیٹ کی دنیا کا ٹیلی وژن ہے، اس لیے ایسا ہونا تو چاہیے کہ ہم اسے پس منظر میں چلائیں لیکن گوگل یہ سہولت نہیں دیتا کیونکہ یہ یوٹیوب کا خاص فیچر ہے جو “یوٹیوب ریڈ” کی سبسکرپشن پر ہی ملتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ یوٹیوب صرف پیش منظر یعنی foreground پر چلتا ہے، یعنی آپ یوٹیوب دیکھ رہے ہیں تو آپ فون استعمال نہیں کر سکتے۔ موسیقی سن رہے ہیں یا اپنی پسندیدہ پوڈ کاسٹ، آپ کے لیے ممکن نہیں کہ کچھ اور بھی کر سکیں۔
لیکن۔۔۔ ایک طریقہ ضرور ہے، جو گوگل پکسل2 کے ٹیسٹ کے دوران معلوم ہوا ہے جس کی مدد سے یوٹیوب کی وڈیوز پس منظر میں چلائی جا سکتی ہیں۔
آپ ٹیلی گرام ایپ کے بارے میں تو جانتے ہوں گے جو واٹس ایپ جیسی ہی ایک شاندار ایپ ہے۔ اس کا اینڈرائیڈ ورژن براہ راست یوٹیوب وڈیوز چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ عام سی بات ہے لیکن اس کا مزیدار پہلو یہ ہے کہ ٹیلی گرام کو minimize، بلکہ بند بھی کردیں تو یوٹیوب وڈیو کی آواز آتی رہتی ہے۔
اب آسان طریقہ یہ ہے کہ جو بھی سننا چاہتے ہیں (لیکن دیکھنا نہیں)، تو وہ خود کو میسیج کردیں، چلا دیں اور اپنے کاموں میں لگ جائیں۔
کہتے ہیں کہ ایک دریافت ہمیشہ دوسری کا دروازہ کھولتی ہے۔ اپنی پسندیدہ میسیجنگ ایپ کی یوٹیوب کی خاطر قربانی اتنی اچھی بات نہیں اس لیے یہ تلاش کرنا بھی ضروری تھا کہ یوٹیوب کو بیک گراؤنڈ کو چلانے کا کوئی اور طریقہ بھی ہے؟
سام سنگ گلیکسی نوٹ8 اور ایل جی وی 30 جیسے چند فون اسپلٹ اسکرین ملٹی ٹاسکنگ کی سہولت دیتے ہیں یعنی آپ کوئی بھی کام کرتے ہوئے آدھی اسکرین پر یوٹیوب چلا سکتے ہیں لیکن یہ بیک گراؤنڈ میں چلنے جیسی چیز نہیں۔ پھر اگر آپ آئی فون استعمال کرتے ہیں تو اس پر تو ٹیلی گرام والی trick بھی نہیں چلے گی۔ تو کیا کریں؟ اس کے لیے ہمیں براؤزرز کو چھاننا پڑا۔
آئی فون میں تو آسان طریقہ یہ ہے کہ کوئی تھرڈ پارٹی براؤزر ڈالیں، جیسا کہ ڈولفن، اس پر یوٹیوب وڈیو چلائیں، ایپ سے باہر آئیں اور آئی او ایس کنٹرول سینٹر سے پلے بیک چلا دیں۔
لگ بھگ یہی طریقہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی ہے لیکن ان کے لیے آسانی یہ ہے کہ گوگل کا کروم براؤزر ہی چلے گا۔ کروم میں یوٹیوب کا ڈیسک ٹاپ ورژن کھولیں، موبائل نہیں۔ اگر آپ یوٹیوب کھولیں گے تو پہلے موبائل ورژن ہی کھلتا ہے، آپ اسے تبدیل کرکے ڈیسک ٹاپ ورژن کریں۔ پھر جو وڈیو چلانی ہے اسے کھولیں اور ایپ سے باہر آ جائیں اور نوٹیفکیشن سے اس وڈیو کو پلے کردیں، جس کی صرف آواز آپ تک پہنچتی رہے گی۔
ہو سکتا ہے کہ یہ trick اینڈرائیڈ کے تمام ورژنز پر کام نہ کرے اور اگر کر بھی رہی ہے تو ہو سکتا ہے جلد ہی گوگل بند کردے کیونکہ یہ ‘یوٹیوب ریڈ’ کا خاص فیچر ہے۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ اس کے لیے نت نئے طریقے ڈھونڈتے رہیں اور ان کے بارے میں جانتے رہیں۔ ہمیں بھی علم ہوا تو اس بارے میں ضرور لکھیں گے۔
Comments are closed.