زیڈ ٹی ای کا فولڈیبل اسمارٹ فون جاری
زیڈ ٹی ای (ZTE) نے آج اپنا جدید ترین اسمارٹ فون ‘ایکسن ایم’ (Axon M) جاری کردیا ہے۔ اس میں دو بڑی اسکرینیں ہیں اور یہ لپیٹ کر رکھا جا سکتا ہے۔ جی ہاں! یہ ایک فولڈیبل فون ہے۔
ایکسن ایم کی دونوں اسکرینیں تہہ کرکے واحد، ڈبل سائیڈڈ اسمارٹ فون میں بھی تبدیل کی جا سکتی ہیں اور اسے کتاب کی طرح بھی کھولا جا سکتا ہے۔ اس کا ہارڈویئر اتنا متاثر کن تو نہیں ہے، لیکن اس کا فولڈیبل ڈیزائن ضرور خاصے کی چیز ہے۔
زیڈ ٹی ای اے کے سی ای او لیشن چینگ نے کہا کہ ایم “اسمارٹ فونز کی نئی کیٹیگری” کا حصہ ہے۔ تقریب رونمائی میں مقررین کا زور اس بات پر تھا کہ اسمارٹ فون اپنی بھرپور طاقت کے باوجود سائز کے معاملے میں مات کھا رہے ہیں۔ ایکسن ایم نے اس مسئلے کے حل کو راہ دکھائی ہے کہ جب اسے تہہ کیا جاتا ہے تو یہ ایک اوسط اسمارٹ فون کے سائز کا ہو جاتا ہے۔
فون کی دو اسکرینوں کو استعمال کرنے کے مختلف طریقے ہیں، جنہیں الگ نام دیے گئے ہیں: ڈوئل موڈ(Dual mode)، جو دونوں اسکرینوں کو آزادانہ الگ الگ کام کرنے کی اجازت دیتا ہے جبکہ ایکسٹینڈڈ موڈ (Extended mode) اسے ایک ٹیبلٹ میں تبدیل کر دیتا ہے۔ ٹریڈیشنل موڈ (Traditional mode) جہاں فون کو تہہ کرلیا جاتا ہے اور یہ عام اسمارٹ فون کی طرح کام کرتا ہے اور مرر موڈ(Mirror mode)، جیسا کہ نام سے ظاہر ہے۔ اگر فون کو خیمے کی صورت دی جائے تو دونوں اسکرینوں پر ایک ہی چيز چلے گی۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی ادارے نے فولڈیبل فون بنایا ہے۔ یہ خبریں کافی عرصے سے گردش کر رہی تھیں کہ سام سنگ ایسے ہی ڈیزائن پر کام کر رہا ہے، بلکہ یہ تو گلیکسی8 سے بھی پہلے کی بات ہے۔ ممکن ہے کہ اب بھی اس پر کام جاری ہو۔
یہ خوبصورت فون رواں سال ہی مختلف ممالک میں دستیاب ہوگا۔
Comments are closed.