اینڈروئیڈ فون یا ٹیبلٹ پر ٹائپ کرنا چھوڑیں، لکھنا شروع کریں

Google-hand-writting-Tool-01اگر آپ اینڈروئیڈ صارف ہیں تو آپ اپنے فون یا ٹیبلٹ پر ٹائپ کرنے کے علاوہ ہاتھ سے لکھ بھی سکتے ہیں۔ آپ کے لکھے گئے متن کو فوراً ٹائپ کر دیا جائے گا۔ لیکن اس کے لیے گوگل ہینڈ رائٹنگ اِن پُٹ (Google Handwriting Input) انسٹال کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اسمارٹ فونز پر تیزی سے ٹائپ کرنا آسان نہیں ہوتا جبکہ ہاتھ سے لکھنا انتہائی آسان ہوتا ہے اور جلدی جلدی بھی لکھا جا سکتا ہے۔ اب آپ اگر یہ سوچ رہے ہیں کہ آپ کی لکھائی اچھی نہیں تو یہ ٹول ضرور انسٹال کریں، کیونکہ اس کا چیلنج ہے کہ یہ خراب سے خراب تر تحریر کو پڑھنے میں مہارت رکھتا ہے۔ گوگل پلے اسٹور سے انسٹال کرنے کے لیے درج ذیل ربط ملاحظہ کریں:

گوگل ہینڈ رائٹنگ ان پُٹ

اس ٹول کی اچھی بات ایپلی کیشن کی صورت میں دستیاب ہونا ہے، اس طرح اگر آپ کو پسند نہ آئے تو اسے اَن انسٹال بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس کی انسٹالیشن کے بعد اسے فعال کریں اور جہاں بھی لکھنا چاہیں اس کو منتخب کر کے فون کی اسکرین پر اپنی انگلی سے لکھنا شروع کر دیں۔ اس ایپلی کیشن کو آپ کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے گوگل نے بنایا ہے۔ یعنی ایک تو یہ خراب تحریر کو بھی درستگی سے سمجھ لیتا ہے اور دوسری بات یہ ایک لفظ لکھنے کے بعد فوراً خالی جگہ فراہم کرتا ہے کہ آپ جلدی سے دوسرا لفظ لکھ سکیں۔ اس طرح کوئی بھی جملہ فوراً لکھا جا سکتا ہے۔

ایک دفعہ اسے فعال کرنے کے بعد جب بھی آپ کہیں لکھنا چاہیں گے تو کی بورڈ کی سلیکشن اوپر ظاہر ہو جائے گی جس میں سے آپ اینڈروئیڈ کی بورڈ یا گوگل ہینڈرائٹنگ اِن پُٹ یا اپنا کوئی کی بورڈ جو چاہیں منتخب کر سکتے ہیں۔ یہ ٹول انگلش سمیت دیگر 82 زبانوں کی سپورٹ کا حامل ہے۔ آپ جو زبان لکھنا جانتے ہوں اسے منتخب کیا جا سکتا ہے۔ فی الحال اس میں اُردو موجود نہیں جبکہ مزید زبانوں کی بات کی جائےتو چینی، ہندی اور گجراتی جیسی زبانیں تو اس میں موجود ہیں لیکن حیرت کی بات ہے کہ عربی فی الحال دستیاب نہیں۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ جولائی 2015 میں شائع ہوئی)

 

Comments are closed.