ماسیوو اوپن آن لائن کورسز

کنکشن اکیڈمی

connectionacademy.com/home.aspx

کنکشن اکیڈمی MOOCکے جدید انداز میں گھر میں اسکول کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں اور دیگر بچوں کے لیے K-12نصاب یعنی کنڈر گارٹن سے لے کر بارہویں جماعت تک کے مفت آن لائن کورسز پیش کرتی ہے۔بچوں کی اس طرح تعلیم کا زیادہ تر دارومدار والدین کی شمولیت پر ہوتا ہے یہاں طلبہ کی تعلیم میں مدد کے لیے درسی کتب کے ساتھ ساتھ دیگر ذرائع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ویب سائٹ کے مرکزی صفحے پر کنکشن اکیڈمی کے پروگرام کی تفصیلات، اس کے استعمال کا طریقہ ، فوائد اور کورس کی رجسٹریشن کا طریقہ درج ہے۔ کنکشن اکیڈمی سے دنیا بھر کے بے شمار اسکول منسلک ہیں لہٰذا وہ سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے جو اپنے منفرد تعلیمی طریقہ کار کے ساتھ ساتھ ادارے کو وسیع پیمانے پر متعارف کرانا چاہتے ہیں تو کنکشن اکیڈمی ان کے لیے ایک عمدہ موقع ہے۔وہ طلبہ جن کے اسکول پہلے ہی کنکشن اکیڈمی پر موجود ہیں وہ اس کے ذریعے بھی اپنے اسباق کے لیے مدد لے سکتے ہیں لہٰذا ان کے لیے کنکشن اکیڈمی ایک ہوم ٹیوٹر کا کام سر انجام دیتی ہے۔ نیز انفرادی حیثیت کے طلبہ بھی اپنی اپنی جماعت کے کورسز کے لیے یہاں رجسٹر ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کے طلبہ کے لیے اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ اپنے اسکول کے کورسز کا ترقی یافتہ ممالک کے کورسز سے موازنہ کر سکتے ہیںاور اس کے ذریعے اپنی تعلیمی قابلیتوں کو نکھار کر خود کو اس درجے پر پہنچاسکتے ہیں۔کنکشن اکیڈمی میں کورسز اور امتحان مفت ہیں تاہم یہاں سے کریڈٹ آور اور سند حاصل کرنے کی معمولی فیس موجود ہے۔

فری ورلڈ یو

www.freeworldu.org/static/index.aspx

یہ بھی ایک K-12مفت آن لائن تدریسی نظام ہے۔ یہاں فلیش کارڈ کی صورت میں مفت کورس مٹیرئیل دستیاب ہے ۔ تاہم مکمل کورس مٹیرئیل ، کریڈٹ آور اور سند حاصل کرنے کی فیس ہے۔سند یافتہ پروگرام کی ماہانہ فیس ہے۔مفت تعلیم کے لیے یہاں رجسٹر ہوئے بغیر بھی فلیش کارڈ انڈیکس کے ربط سے مطلوبہ جماعت کے مواد تک رسائی ممکن ہے۔ یہاں میڈیکل اسکول اور انگلش زبان کے کورسز بھی موجود ہیں۔

کوسمو لرننگ

www.cosmolearning.com

یہ ویب سائٹ دراصل MOOC کورسز کا ڈیٹا بیس ہے جو موضوع کے لحاظ سے کلاسز کی فہرست پیش کرتا ہے۔ ہر جماعت کا ربط اس کے بارے میں مکمل تفصیل پیش کرتا ہے کہ اسے کونسا تعلیمی ادارہ پیش کر رہا ہے ، اساتذہ کی معلومات اور کتنے طلبہ اس کورس سے منسلک ہیں۔تمام کورس مٹیرئیل ویڈیو لیکچر کو صورت میں ہے جب کہ یہاں کوئی اسائنمنٹ یا دیگر کورس مٹیرئیل موجود نہیں ہے۔ تاہم یہاں کورسز کی تعداد کافی وسیع ہے۔گھریلو خواتین اور پیشہ ور افراد کے لیے یہاں مختلف پکوان اور ان کی سجاوٹ ، میک اپ اسکن کیئر اور ہیر کٹنگ کے بے شمار رہنما ویڈیوز موجود ہیں۔نیز یہاں سیکڑوں نایاب اور مشہور دستاویزی فلمیں بھی موجود ہیں۔تاہم یو ٹیوب کی بندش تک اس ویب سائٹ سے مستفید نہیں ہوا جاسکتا۔

اکیڈمک ارتھ

academicearth.org

اکیڈمک ارتھ طلبہ کو ان کے مطلوبہ ڈگری پروگرام تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔یہ مفت لیکچر بھی فراہم کرتی ہے۔یہاں کورسز کی فہرست نہایت طویل ہے۔اس کے علاوہ یہاں تعلیمی موضوعات پر ویڈیوز بھی دی گئی ہیں۔یہاں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلے کے لیے SAT,GMAT,اور MCATوغیرہ کی تیاری کے رہنما کورسز بھی موجود ہیں۔

Comments are closed.