سی گیٹ کا 2018 تک 16 ٹی بی گنجائش والی ہارڈڈسک لانے کا منصوبہ
2002ء کی بات ہے جب ایک دوست نے بتایا کہ اس نے 40 جی بی کی ہارڈڈسک خریدی ہے۔ یہ سن کر منہ کھلا کا کھلا رہ جانا کوئی اچنبھے کی بات نہیں تھی کیوں کہ اس وقت لوگ 4 جی بی کی ہارڈڈرائیو کے ساتھ بھی ہنسی خوشی گزارا کررہے تھے۔ اس 40 جی بی ہارڈڈرائیو کی قیمت اس سے بھی زیادہ منہ کھولنے والی تھی، یعنی بارہ ہزار روپے!
اگر آپ کمپیوٹر پروسیسرز کے بارے میں سطحی سی معلومات بھی رکھتے ہیں تو آپ کے علم میں مور کا قانون ضرور ہوگا۔ انٹل کے بانی گورڈن مور کے نام پر رکھے گئے اس قانون کے مطابق ہر اٹھارہ ماہ میں انٹی گریٹڈ سرکٹس (IC) میں ٹرانسسٹر کی تعداد دگنی ہوجاتی ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کے پاس موجود پروسیسر کے ٹرانسسٹر خفیہ طور پر انڈے یا بچے دیتے ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسسٹرز کی تعداد دگنی ہوجاتی ہے۔ بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ آج اگر ایک ارب ٹرانسسٹرز والا پروسیسر دستیاب ہے تو اٹھارہ ماہ بعد ہم 2 ارب ٹرانسسٹرز والا پروسیسر بھی بنا چکے ہونگے۔ ایسا ہی ایک قانون ہارڈڈسک کے لئے بھی ہے۔ اسے کریڈر کا قانون کہا جاتا ہے اور اسے پیش کرنے والے صاحب ڈاکٹر مارک کریڈر سی گیٹ کارپوریشن کے سابق سینئر نائب صدر چیف ٹیکنالوجی آفیسر ہیں۔ 2005ء میں انہوں نے سائنٹیفک امریکن میں اپنے اس قانون کے متعلق مضمون تحریر کرتے ہوئے لکھا کہ مقناطیسی قرص (ڈسک) پر ڈیٹا محفوظ کرنے کی گنجائش میں زبردست اضافہ ہورہا ہے۔ یہ رفتار اٹھارہ ماہ میں ٹرانسسٹرز کی تعداد دگنی ہوجانے سے بہت زیادہ ہے۔ اس قانون یا صحیح الفاظ میں مشاہدے کی صداقت مشکوک ہے۔ تاہم اگر اس قانون کو مدنظر رکھا جائے تو 2020 تک ہارڈڈسک میں ڈیٹا محفوظ کرنے کی گنجائش 40 ٹیرا بائٹس تک پہنچ جائے گی اور اس کی قیمت 40 ڈالر تک ہوگی۔
دوسری جانب مارک کریڈر کی کمپنی سی گیٹ ہارڈڈسک کی گنجائش بڑھانے میں جُتی ہوئی ہے۔ گزشتہ سال سی گیٹ نے ساڑھے تین انچ سائز میں 60 ٹیرا بائٹس کی سالڈ اسٹیٹ ہارڈڈسک بنائی تھی۔ تاہم مقناطیسی قرص (ڈسک) والی ہارڈڈرائیو کی گنجائش اب بھی کافی کم ہے۔ دیکھا جائے تو سی گیٹ کی وجہ شہرت ہی اس کی مقناطیسی ڈسک والی ہارڈڈرائیوز ہیں کیونکہ سالڈ اسٹیٹ کے میدان میں سی گیٹ سے بڑے کھلاڑی پہلے ہی موجود ہیں۔ سی گیٹ نے ایک کانفرنس کے دوران اپنے مستقبل قریب کے منصوبوں کے بارے میں بتایا ہے۔ کمپنی چند سالوں میں ڈرائیو کی گنجائش کو بہت زیادہ بڑھا دے گی۔ اس وقت کمپنی کی سب سے زیادہ گنجائش والی ڈرائیو10 ٹیرا بائٹس کی ہے۔ لیکن کمپنی کا خیال ہے کہ اگلے تین سالوں میں وہ اسے دوگنا کر دے گی۔ سی گیٹ 2018 ء کے وسط تک 16 ٹیرا بائٹس کی ڈرائیو متعارف کرائے گی۔ اس کے باوجود 2020ء تک 40 ٹیرا بائٹس کی گنجائش تک پہنچنا بے حد مشکل نظر آرہا ہے۔
یونٹ کی فروخت کے حساب سے دیکھا جائے تو مقناطیسی ہارڈ ڈرائیو کی فروخت میں کافی کمی ہوئی ہے۔ اس کی وجہ سالڈ اسٹیٹ ہارڈڈرائیوز کا مارکیٹ میں اپنی جگہ مستحکم کرنا ہے۔ سی گیٹ کی فروخت صرف پچھلے سال کے مقابلے میں ہی 10 فیصد کم ہوگئی ہے۔ سی گیٹ کے لیے زیادہ گنجائش والی ہارڈ ڈرائیو کی بڑے پیمانے پر فراہمی کے کئی مالی فوائد بھی ہیں۔ مثلاً نگرانی کے آلات کے لئے بڑی گنجائش والی اسٹوریج ڈیوائس بنانا سی گیٹ کے لئے بے حد فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔
نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 125 میں شائع ہوئی
wow good post admin thanks#IPL