ڈی این ایس میں A ریکارڈ کیا ہوتا ہے؟

جب آپ کسی ویب سائٹ کا ایڈریس اپنے ویب برائوزر میں لکھتے ہیں تو ویب برائوزر آپ کے آئی ایس پی کے سرور سے ہوتا ہوا اُس Nameserver تک پہنچاتا ہے جس کے پاس ویب سائٹ کے متعلق تمام ڈی این ایس ریکارڈز موجود ہیں۔ ان ریکارڈز میں A ریکارڈ، سی نیم، ایم ایکس ریکارڈ سمیت کئی انٹریز موجود ہوتی ہیں۔ یہ ریکارڈز آپ کے ویب برائوزر کو بتاتے ہیں کہ ویب سائٹ تک پہنچنے کے لئے اُسے کیا کرنا ہوگا۔

A ریکارڈ کو ڈی این ایس میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ یہی ریکارڈ کسی ویب سائٹ کے ڈومین نیم کو آئی پی ایڈریس سے منسلک کرتا ہے۔ اسے ہوسٹ ریکارڈز اور ایڈریس ریکارڈ بھی کہا جاتا ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

ویب برائوزر جب نیم سرور سے کسی ڈومین سے متعلق ریکارڈز طلب کرتا ہے تو اسے A ریکارڈ میں موجود آئی پی ایڈریس فراہم کیا جاتا ہے۔ ویب برائوزر پھر اسی آئی پی ایڈریس پر موجود ویب سائٹ صارف کو دکھاتاہے۔ A ریکارڈ ہی کی وجہ سے یہ ممکن ہے کہ ایک ہی ڈومین نیم پر موجود کئی سب ڈومینز الگ الگ سرورز یا لوکیشنز پر ہوسٹ کئے جاسکیں۔

یعنی فرض کریں کہ abc.example.com اور xyz.example.com دو سب ڈومین ہیں۔ اگر ان دونوں سب ڈومینز کو الگ الگ جگہ ہوسٹ کرنا ہو تو ان دونوں کے لئے الگ الگ A ریکارڈ بنانا ہوگا جو کہ مطلوبہ لوکیشنز کی آئی پی رکھتا ہوگا۔
اگر A ریکارڈ میں موجود آئی پی غلط ہو یا آئی پی پر ویب سائٹ ہی موجود نہ ہو تو صارف کبھی بھی ویب سائٹ تک نہیں پہنچ سکتا۔ اسی لئے اسے ڈومین نیم سسٹم میں مرکزی ریکارڈ سمجھا جاتا ہے۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ ڈومین نیم کو آئی پی ایڈریس میں ترجمہ کرنے کا کام یہی ریکارڈ کرتا ہے۔

Comments are closed.